عوامی تعاون سے شہر کو ماڈل شہر بنا دیں گے، میئر سکھر ارسلان شیخ

ضلع کونسل کے چیئرمین سید کمیل حیدر شاہ کا کہنا ہے کہ عوام کے تعاون سیوریج اور ڈرینیج سمیت دیگر مسائل کا جلد حل کیا جائے گا، ایک سال بعد اس شہر کا نقشہ تبدیل دکھائی دے گا۔

سکھر پریس کلب اور سکھر یونین آف جرنلسٹس  کی جانب سے ضلع کونسل کے نومنتخب قیادت چیئرمین ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ، میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ سمیت چاروں ٹاونز کے منتخب چیئرمین اور وائس چیئرمین کے اعزاز  میں پروقار ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔

صحافی برادری کی جانب سے تقریب میں خصوصی شرکت کی گئی ، میزبانی کے فرائض پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سیکریٹری فنانس لالا اسد پٹھان نے کی۔

مہمانان گرامی نے تقریب میں سکھر شہر کے مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا بعد ازاں 5 جولائی یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہوئے قائد جمہوریت ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت پر شب خون مارنے کے خلاف بازؤں پر کالی پٹیاں باندھ کر احتجاج رکارڈ کروایا۔

مزید تفصیل کے مطابق سکھر پریس کلب اور سکھر یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے نو منتخب چیئرمین ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ، وائس چیئرمین اختر مہر،میئر سکھر بیریسٹر ارسلان اسلام شیخ،ڈپٹی میئر ڈاکٹر ارشد مغل، نثار صدیقی ٹاون کے چیئرمین طارق چوہان، وائس چیئرمین ذوالفقارکھوسو، مکی شاہ ٹاون کے چیئرمین محمددین اور وائس چیئرمین مرتضی گھانگھرو، جی اے شاہ ٹاون کے چیئرمین آغا افتخار عرف محسن خان،وائس چیئرمین قوت علی عرف فراحان شاہ اور روہڑی ٹاؤن کے چیئرمین میر یعقوب علی شاہ اور وائس چیئرمین اسلم میمن کے اعزاز میں سکھر پریس کلب میں پر تکلف ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسٹیل ملز ملازمین کی بحالی کا حکم معطل کردیا

کراچی سمیت سندھ میں خواتین و بچوں سے جنسی زیادتی کے واقعات میں تشویشناک اضافہ

جس میں صحافی برادری نے گزشتہ سالوں میں  ضلعی انتظامیہ کے نومنتخب ارکان کے سکھر کی ترقی و ترویج کے لئے  کی جانے والی کوششوں کو سراہنے کے ساتھ حالیہ عوامی، سماجی اور معاشرتی مسائل کی نشاندہی کی ، جسے سیاسی نمائندگان کی جانب سے سننے کے بعد صحافی برادری کے ساتھ ان تمام مسائل کا اپنے تمام وسائل اور کوشیشیں بروئے کار لاکر مقررہ وقت میں حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ظہرانے میں آئے ہوئے تمام سیاسی مہمانوں کو سندھ کا ثقافتی تحفہ اجرک پہنایا گیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کونسل کے چیئرمین سید کمیل حیدر شاہ کا کہنا تھا کہ عوام کے تعاون سے ضلع سکھر کو ماڈل ضلع بنائیں گے۔ سیوریج اور ڈرینیج سمیت دیگر مسائل کا جلد حل کیا جائے گا ایک سال بعد اس شہر کا نقشہ تبدیل دکھائی دے گا۔

سید کمیل حیدر شاہ کا کہنا تھا کہ جلد سکھر اور روہڑی کے درمیان دریائے سندھ پر چیئرلفٹ کا آغاز بھی کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں میونسپل کارپوریشن کے میئر اور دیگر ٹاؤنز کے چیئرمین اور وائس چیئرمین سے کہا ہے کہ وہ اپنا پلان بنا کر لائیں تو ضلع کونسل سے بھی شیئر ملاکر منصوبے کامیاب بنائے جائیں گے۔

اس موقع پر میئر سکھر بیرسٹر ارسلان شیخ کا کہنا تھا کہ سکھر شہر کی ترقی کے لیے کوشاں ہیں کئی منصوبے بنائے گئے ہیں۔ جلد ان کے نتائج سامنے آنا شروع ہوجائیں گے۔ عوام تعاون کریں سندھ حکومت سے زیادہ سے زیادہ فنڈ لے کر سکھر شہر کو ماڈل شہر بنایا جائے گا۔

ڈپٹی میئر ڈاکٹر ارشد مغل کا کہنا تھا کہ سکھر تاریخی شہر ہے اس لیے صحافی، وکلا، تاجر، سول سوسائٹی اور شہریوں سے مل کر شہر کے مقدر کو تبدیل کر دیں گے، پاکستان فیڈرل یونین اف جرنلسٹ کے سیکرٹری فائنانس لالا اسد پٹھان کا کہنا تھا کہ ضلع اور سٹی حکومت جہاں جہاں اچھا کام کریں گی ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جہاں خامیاں ہوں گی وہاں پر اپنے قلم اور کیمرہ کے ذریعے نشاندہی کریں گے سب کا مقصد شہر کی ترقی اور عوام کی خوشحالی ہے امید کرتے ہیں منتخب نوجوان قیادت اپنے بڑوں کی خدمات کو مزید بہتر انداز میں آگے بڑھائیں گے۔

بعدازاں  تمام سیاسی قائدین نے بازؤں پر کالی پٹیاں باندھ کر قائد جمہوریت ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت پر شب خون مارنے کے خلاف احتجاج بھی کیا۔

متعلقہ تحاریر