سکھر اسمال ٹریڈرز ایسوسی ایشن کا تاجروں کے مسائل حل کرنے کے عزم کا اعادہ
مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی بیمار معیشت کی بحالی اور چھوٹے تاجروں کے مسائل حل کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
سکھر: مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے نائب صدر اور سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ ہم نے ہمیشہ مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے پلیٹ فارم سے مرکزی صدر محمد کاشف چوہدری ، سیکریٹری جنرل عبدالقیوم آغا و دیگر قائدین کی قیادت میں ملک بھر کے تاجروں کی بے لوث خدمت کر کے لازوال جدوجہد کے ذریعے تاجروں کے مسائل بہتر انداز سے حل کرائے ہیں، مرکزی تنظیم تاجران پاکستان واحد تاجروں کی ملک گیر نمائندہ تنظیم ہے جو چھوٹے تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے روز اول سے مصروف عمل ہے، آج الحمد اللہ تنظیم کے قیام کو چار سال مکمل ہوچکے ہیں، اور ان قائدین اور تاجر رہنماﺅں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے قدم بقدم ہمارے ساتھ شانہ بشانہ رہ کر تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے اپنا بہترین کردار ادا کیا۔انشا اللہ آئندہ بھی تاجروں کی خدمات کا سلسلہ اسی طرح جاری رکھا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے چوتھے یوم تاسیس کے موقع پر تاجر سیکریٹریٹ گولڈ سینٹر صرافہ بازار میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
یہ بھی پڑھیے
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے مالی سال 2022-23 میں 27 ارب ڈالر بھجوائے: اسٹیٹ بینک
ملک بھر لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری، بجلی کا شارٹ فال 6200 میگاواٹ تک پہنچ گیا
اس موقع پر حاجی محمد جاوید میمن و دیگر تاجروں نے تنظیم کے چار سال مکمل ہونے پر کیک بھی کاٹااور تاجروں کو مبارکباد دیں۔ تقریب میں سکھر اسمال ٹریڈرز کے رہنماﺅں حاجی غلام شبیر بھٹو، حاجی عبدالستار راجپوت، عبدالقادر شیوانی، رئیس قریشی،حافظ محمد شریف ڈاڈا، احسان بندھانی،محمد منیر میمن، عبدالباری انصاری، مختیار شامی، طارق علی میرانی،ڈاکٹر سعید اعوان، محمد سجاد عامر، محمد رضوان قادری، محمد شعیب میمن، محمد عارف بھٹی، سعید احمد، جمیل مغل، محمد الیاس، خالد سومرو، محمد فیضان، محمد رفیق،محمد اکرم و دیگر نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد جاوید میمن نے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے سرپرست اعلیٰ خواجہ شاہد رزاق سکہ، مرکزی صدر محمد کاشف چوہدری، چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی، سیکریٹری جنرل آغا عبدالقیوم و دیگر قائدین کو چوتھے یوم تاسیس کی مبارکباد دی اور تاجروں کیلئے بہترین خدمات پیش کرنے پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سے خیبر تک ملک بھر کے تاجر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے پلیٹ فارم پر متحد ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج یوم تاسیس کے موقع پر عہد کرتے ہیں کہ چھوٹے تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے سکھر اسمال ٹریڈرز مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے شانہ بشانہ رہ کر مرکزی قائدین کی قیادت میں پاکستان کی بیمار معیشت کی بحالی اور چھوٹے تاجروں کے مسائل حل کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔