سکھر ضلع کونسل نے سوا کروڑ روپے سے زیادہ خسارے کا بجٹ پیش کردیا

چیئرمین ضلع کونسل کے مطابق مالی سال 24- 2023 کے بجٹ میں آمدن کا تخمینہ 3 ارب 43 کروڑ 12 لاکھ 68 ہزار 666 روپے لگایا گیا ہے جبکہ اخراجات کا تخمینہ 3 ارب 44 کروڑ 41لاکھ 74 ہزار 312 روپے لگایا گیا ہے۔

سکھر ضلع کونسل کا سالانہ ایک کروڑ 29 لاکھ سے زائد خسارے کا بجٹ پیش ، آمدن کا تخمینہ 3 ارب 43 کروڑ 12 ہزار 68 ہزار 666 روپے اور اخراجات کا تخمینہ 3 ارب 44 کروڑ 41 لاکھ 74 ہزار 312 روپے ظاہر کیا گیا ے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین ضلع کونسل کی جانب سے دریائے سندھ میں فیری سروس چلانے ، داؤد یونیورسٹی کے کیمپس کے قیام ، ضلع کے مختلف شہروں میں مارکیٹس کے قیام اور کونسل کے غیرضروری اخراجات کم کرنے کا اعلان کیا۔

نئے منصوبوں کے لیے ڈیڑھ ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔

مزید تفصیل کے مطابق سکھر ضلع کونسل کا بجٹ اجلاس چیئرمین سید کمیل حیدر شاہ کے زیرصدارت ہوا جس میں وائس چیئرمین اختر مہر سمیت کونسل کے ارکان اور مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں بجٹ پیش کرتے ہوئے ضلع کونسل کے چیئرمین سید کمیل جیدر شاہ نے بتایا کہ مالی سال 24- 2023 کے بجٹ میں آمدن کا تخمینہ 3 ارب 43 کروڑ 12 لاکھ 68 ہزار 666 روپے لگایا گیا ہے جبکہ اخراجات کا تخمینہ 3 ارب 44 کروڑ 41لاکھ 74 ہزار 312 روپے لگایا گیا ہے۔ اس طرح اخراجات کے بعد ضلع کونسل کو ایک کروڑ 29 لاکھ 5 ہزار 646 ہزار روپے کا خسارہ ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ اس سال ضلع کونسل کو آمدن کی مد میں حکومت کی جانب سے 2 ارب روپے خصوصی گرانٹ ملے گی جبکہ اور زیڈ ٹی شیئر کی مد میں 56 کروڑ 73 لاکھ 24 ہزار ، گذشتہ سال کے ترقیاتی منصوبوں کے واجبات کی مد میں 30 کروڑ 87 لاکھ 36 ہزار 720 روپے ، ضلع آکٹرائے ٹیکس کی مد میں 18 کروڑ 19 لاکھ 94 ہزار ضلع کونسل کے اپنے ذرائع سے 4 کروڑ ، ملازمین کے واجبات کی مد میں 30 کروڑ روپے آمدن ہوگی۔

چیئرمین ضلع کونسل کے مطابق اس سال ضلع بھر میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے ڈیڑھ ارب ، تنخواہوں ، پنشن اور ریٹائرمنٹ کی مد میں 75 کروڑ 41 لاکھ 74 ہزار 312 روپے مختص کیے گئے ہیں۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کےلیے 50 کروڑ مختص کیے گئے ہیں۔

ضلع کونسل کے چیئرمین سید کمیل حیدر شاہ نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے مطالبے پر ان کو سہولت فراہم کرنے کی غرض سے صالح پٹ، سنگرار ،اور سانگی شہروں میں مارکیٹس بنائی جائیں گی۔

سکھر میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے دریائے سندھ میں فیری سروس شروع کی جائے گی۔ سکھر ضلع کے طلباء کو اعلیٰ تعلیم کی سہولت فراہم کرنے کے لیے سکھر میں داؤد یونیورسٹی کا کیمپس بھی قائم کیا جائے گا۔

فیری سروس شروع کرنے اور یونیورسٹی کیمپس کے قیام کے لیے ضلع کونسل کے بجٹ میں 20 کروڑ روپے کی رقم رکھی گئی ہے۔

انہوں بتایا کہ فیری سروس شروع ہونے سے یہاں آنے والے سیاح لینس ڈاؤن ، سکھر بیراج، سادھو بیلہ، سات سہیلیوں کے مزار ، زیرو پوائنٹ کے مقامات کی سیر کرسکیں گے اور اس سے ضلع کونسل کو آمدنی بھی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ سکھر کی شناخت کے لیے روہڑی کے پہاڑی علاقے میں ٹاور آف سکھر کی تعمیر کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے۔

چیئرمین ضلع کونسل کے بجٹ پیش کرنے کے بعد بحث و مباحثے کے بعد مختلف ارکان کی جانب سے پیش کردہ تجاویز بھی بجٹ میں شامل کردی گئیں۔

متعلقہ تحاریر