پی پی پی رہنما سید خورشید احمد شاہ کی رہائی ایک بار پھر تاخیر کا شکار
سید زیرک شاہ کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ سے ضمانت کے آرڈرز کی تصدیق نہ ہونے کی وجہ سے احتساب عدالت نے رہائی کے آرڈر جاری نہیں کیے۔
پیپپلزپارٹی رہنما سید خورشید احمد شاہ کی رہائی مزید ایک روز کے لیے کھٹائی میں پڑ گئی ہے۔ ان کے صاحبزادے سید زیرک شاہ کا کہنا ہے کہ ایک کروڑ روپے کے مچلکے عدالت میں جمع کرا دیئے گئے، تاہم سپریم کورٹ سے ضمانت کے آرڈرز کی تصدیق نہ ہونے کی وجہ سے احتساب عدالت نے رہائی کے آرڈر جاری نہیں کیے ہیں۔
گزشتہ 25 ماہ سے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ کی سپریم کورٹ سے ضمانت کے باوجود رہائی ایک روز کے لیے کھٹائی میں پڑ گئی۔
خورشید شاہ کے صاحبزادے سید زیرک شاہ نے آج صبح سکھر کی احتساب عدالت پہنچ کر ضمانت کے لیے ایک کروڑ روپے کے مچلکے جمع کرائے تاہم ان کی رہائی کے آرڈر جاری نہیں ہوسکے۔
یہ بھی پڑھیے
کورونا کیسز میں کمی کے بعد سکھر میں کھیلوں کے میدان سجنے کو تیار
حکومت کے لیے ایک اور مشکل تیار، نیب آرڈیننس اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج
خورشید شاہ کے صاحبزادے سید زیرک شاہ نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ ہم نے ایک کروڑ کے مچلکے احتساب عدالت میں جمع کرادیئے ہیں تاہم ان کی ضمانت کے آرڈرز کی سپریم کورٹ سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ انہوں نے کہا امید ہے کل ان کی رہائی ممکن ہو سکے گی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے گذشتہ روز پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ جن کے خلاف ایک ارب 23 کروڑ روپے سے زائد اثاثہ جات کیس میں ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی تھی۔









