ڈی جی کے ڈی اے کو گرفتار کرنے والا اینٹی کرپشن افسر معطل

اینٹی کرپشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر غلام عباس میمن کو معطل کردیا گیا، نسلہ ٹاور کا تعمیراتی منصوبہ منظور کرنے والے افسران کیخلاف ایف آئی آر درج۔

اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر غلام عباس میمن کو ان کے عہدے سے برطرف کردیا گیا ہے، انہوں نے ڈی جی کراچی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی آصف علی میمن کو کرپشن الزامات پر گرفتار کیا تھا۔

اس سلسلے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کراچی ایسٹ زون غلام عباس میمن کو معطل کردیا گیا ہے جبکہ ڈی جی اینٹی کرپشن سکھر احمد علی شیخ کو کراچی ایسٹ تعینات کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

جیت گیا سسٹم اور ہار گیا ڈی جی کے ڈی اے آصف میمن

نسلہ ٹاور کو روایتی طریقے سے گرانے کا عمل شروع

جمعرات کو اینٹی کرپشن نے ڈی جی کے ڈی اے آصف میمن کو کرپشن کے الزامات پر گرفتار کیا تھا۔

اینٹی کرپشن نے ڈپٹی ڈائریکٹر کے ڈی اے عاطف کو بھی حراست میں لیا تھا اور دونوں افسران کے خلاف مقدمات درج کیے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افسران کے خلاف کرپشن کی شکایات موصول ہوئی تھیں جس پر انہیں گرفتار کیا گیا۔

دریں اثنا، نسلہ ٹاور کا تعمیراتی منصوبہ منظور کرنے والے افسران کے خلاف بھی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

فیروز آباد پولیس اسٹیشن نے نسلہ ٹاور کے بلڈر، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور سندھی مسلم کوآپریٹیو سوسائٹی کے عہدیداران سمیت مالک مکان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے۔

متعلقہ تحاریر