کراچی، طوفانی ہواؤں سے حادثات میں دو افراد جاں بحق
پروونشل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے موسم سے متعلقہ ایڈوائزری جاری کردی، 55 کلومیٹر کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا خدشہ، پرانی تعمیرات متاثر ہوسکتی ہیں۔
کراچی میں گرد آلود طوفانی ہواؤں کے باعث دیواریں گرنے اور چھتیں اڑنے کے واقعات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
شہر قائد میں گرد آلود طوفانی ہواؤں کے جھکڑ چلنے لگے، تیز ہواؤں کے باعث نارتھ ناظم آباد اور گلبائی میں دیوار گرنے کے واقعات میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔
دوسری طرف موسم کی خرابی کے باعث جامعہ کراچی کی سالانہ تقریب برائے تقسیم اسناد ملتوی کر دی گئی ہے، رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید نے التوا کا اعلان کر دیا ہے۔
رجسٹرار کا کہنا ہے کہ جلسہ تقسیم اسناد غیر متوقع موسمی تبدیلی کے پیش نظر ملتوی کیا گیا ہے، نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
صوبائی ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے موسم سے متعلق ایڈوائزری جاری کر دی ہے، بتایا گیا ہے کہ کراچی میں 55 کلومیٹر کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے جس کے ساتھ ہی سندھ بھر میں سردی کی نئی لہر آئے گی۔
کراچی میں رات کو درجہ حرات 8 سے 9 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جائے گا اور سندھ کے دیگر شہروں میں 4 سے 6 ڈگری تک گر سکتا ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ تیز ہواؤں سے پرانے درخت گر سکتے ہیں، سائن بورڈ اور ہورڈنگز گرنے کے ساتھ ساتھ کمزور تعمیرات کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔