غیرملکی سیاحوں سے بدتمیزی، عدالت میں درخواست دائر
غیرملکی سیاحوں کے ساتھ بدتمیزی کے واقعات سے پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر بدنامی ہوئی، کمیشن بنایا جائے، درخواست میں موقف۔

سی ویو پر غیر ملکی سیاحوں کے ساتھ ہراسانی اور بدتمیزی کے واقعات کا معاملہ عدالت پہنچ گیا، سیاحوں سے ہراسانی کے واقعات پر عدالت سے نوٹس لینے کی درخواست۔
درخواست گزاران ایڈووکیٹ محمد نواز ڈاہری اور ایڈووکیٹ سارنگ وسوانی نے موقف اختیار کیا کہ ایک ماہ میں دو غیر ملکی سیاحوں کو ہراساں کرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔
درخواست کے مطابق غیر ملکیوں کے ساتھ ساحل سمندر پر پیش آنے والے واقعات سے دنیا بھر میں ملکی وقار کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔
وکلا نے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے پر کمیشن بنا کر جانچ کی جائے، سی ای او کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن، ایڈمنسٹریٹر کراچی اور پولیس کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ سی ویو بیچ جرائم پیشہ لوگوں کی آماجگاہ بن گیا ہے، سی ویو پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر کے خصوصی سرویلنس ٹیمز تشکیل دی جائیں۔
درخواست گزاران نے کہا کہ گھوڑے مالکان سمیت دیگر لوگوں کا ریکارڈ رکھ کر خصوصی اجازت نامہ بنایا جائے۔
وکلا نے عدالت سے سی ویو بیچ پر جاری غیر قانونی سرگرمیاں روکنے کی اپیل بھی کی، یہ درخواست جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں داخل کروائی گئی ہے۔









