موسم کی صورتحال: کراچی میں 22-23 جون کو پری مون سون بارشوں کا امکان

محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ملک میں اس سال گزشتہ مون سون سیزن کے مقابلے میں 10 سے 30 فیصد زیادہ بارشوں کا امکان ہے۔

کراچی: پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) کے چیف میٹرولوجسٹ ڈاکٹر سردار سرفراز نے کہا کہ ساحلی شہر کراچی میں 22 یا 23 جون کو پری مون سون بارشوں کا پہلا اسپیل آنے کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ پری مون سون بارشوں کے پہلے اسپیل کے دوران کراچی میں ہلکی سے درمیانی بارشیں ہونے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی میں مسلسل تین ماہ تک بارش کا امکان

سردار سرفراز احمد کا مزید کہنا ہے کہ "کراچی میں جون کے آخر میں یا جولائی کے ابتدائی دنوں میں مون سون کی بارشوں کا باقاعدہ آغاز متوقع ہے۔”

انہوں نے کہا کہ ملک میں اس سال گزشتہ موسموں کے مقابلے میں 10 فیصد سے 30 فیصد زیادہ بارشیں ہونے کا امکان ہے۔

‘اوسط مقدار سے زیادہ بارش’

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے اپنے 7 جون کے بیان میں خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سال مون سون سیزن کے دوران ملک میں "اوسط سے زیادہ بارشیں” ہونے کی توقع ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ مون سون سیزن رواں ماہ (جون) کے آخری ہفتے میں شروع ہونے کا امکان ہے جب کہ پری مون سون بارشیں جون کے دوسرے ہفتے میں شروع ہوسکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا پہلا مرحلہ یکم جولائی سے اگست کے وسط تک جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ مون سون سیزن کا آخری مرحلہ ستمبر کے آخر تک جاری رہے گا۔

میٹ آفس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ملک میں جولائی تا ستمبر کے دوران 140.8 ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔

پی ایم ڈی نے یہ بھی خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں سے ملک کے مختلف شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے۔

پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ نے مزید کہا ہے کہ غیر معمولی طور پر زیادہ درجہ حرارت بڑھنے سے شمالی علاقوں میں برف پگھلنے کی شرح بھی بڑھ جائے گی۔

متعلقہ تحاریر