بلاول بھٹو نے کراچی میں پیپلز انٹرا ڈسٹرکٹ بس سروس کا افتتاح کردیا
شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے اورنج لائن بس سروس اور کراچی سرکلر ریلوے جیسے ٹرانسپورٹ کے دیگر منصوبوں پر جلد کام شروع ہو جائے گا۔

کراچی: وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پیپلز انٹرا ڈسٹرکٹ بس سروس کا افتتاح کردیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر ٹرانسپورٹ و اطلاعات شرجیل انعام میمن، کراچی کے ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب اور وزیر محنت سعید غنی بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیے
جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم نے الیکشن کمیشن کو چارج شیٹ کردیا
سندھ کے بلدیاتی انتخابات: جمہوریت کا بہترین انتقام
سات روٹس پر چلنے والی بسوں کے لیے پانچ ڈپو کا کل رقبہ 78.4 ایکڑ ہے۔ مسافر کراچی کے مختلف علاقوں میں 235 بس اسٹیشنز سے انٹرا ڈسٹرکٹ بس سروس سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ بسیں اپنے اپنے روٹس پر کل 212.5 کلومیٹر کا فاصلہ طے کریں گی۔
وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن کی قیادت میں محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے پیپلز انٹرا ڈسٹرکٹ بس سروس کے افتتاح کی تیاریوں کو حتمی شکل دی تھی۔
صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ ” اس وقت ماڈل کالونی سے ٹاور تک بس چلائی جا رہی ہے، بس کا کرایہ 25 سے 50 روپے ہو گا۔”
انہوں نے کہا کہ "پیپلز پارٹی ہمیشہ شہر کی ترقی کے لیے کوشاں رہی ہے اور آئندہ بھی رہے گی، ٹرانسپورٹرز پرانی بسوں کے بجائے نئی بسیں لے کر آئیں۔”
شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے اورنج لائن بس سروس اور کراچی سرکلر ریلوے جیسے ٹرانسپورٹ کے دیگر منصوبوں پر جلد کام شروع ہو جائے گا۔
کراچی میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور ٹرانسپورٹ کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے بعد بس سروس چلانے کے لیے سندھ حکومت کی کوششوں کو سراہا گیا۔
واضح رہے کہ شہر کے 7 روٹس پر مرحلہ وار 240 بسیں چلائی جائیں گی۔