سول سوسائٹی کا جبران ناصر کے ساتھ اظہار یکجہتی، چرچ نے صحافی کے خلاف شکایت درج کرادی

سول سوسائٹی نے 'بد نیتی پر مبنی مہم' کے خلاف جبران ناصر کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیاہے جبکہ کراچی ڈائیوسیز نے بلال احمد کے خلاف شکایت درج کرادی۔

سول سوسائٹی کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے وکیل و سماجی کارکن جبران ناصر کے خلاف ‘بد نیتی پر مبنی مہم’ چلانے پر ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔ دوسری جانب چرچ آف پاکستان – ڈائیوسیز آف کراچی نے صحافی و یوٹیوبر بلال احمد کے خلاف پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرا دی ہے۔

دعا زہرہ اغواء اور کم عمری کی شادی کیس میں مہدی علی کاظمی کی جانب سے وکالت کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں ، انہیں کچھ متنازعہ یوٹیوبرز کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

صحافی کا جبران ناصر پر ‘غیر ملکی اور اسلام مخالف ایجنڈا’ رکھنے کا الزام

بلاول بھٹو کے علاقے رتوڈیرو میں ایچ آئی وی وائرس پھیلنے لگا

دو روز قبل صحافی اور یوٹیوبر بلال احمد نے سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم ٹوئٹر پر اپنی ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں انہوں نے سماجی کارکن اور وکیل جبران ناصر پر ‘غیرملکی اور اسلام مخالف ایجنڈا’ رکھنے کا الزام لگایا تھا۔

صحافی بلال احمد نے یہ بھی الزام لگایا تھا کہ جبران ناصر نے ایک مسلمان لڑکی کے مذہب کو تبدیل کرکے عیسائی بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

بلال احمد نے وہ ویڈیو مبینہ طور پر کراچی پریس کلب (کے پی سی) کی عمارت کی چھت سے ریکارڈ کی تھی۔

کچھ صحافتی حلقوں نے اس ویڈیو کی ریکارڈنگ پر خدشات کا اظہار کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا اس قسم کی ویڈیو سے شہریوں میں مذہبی منافرت کی لہر پھیل سکتی ہے۔

صحافی حلقوں نے کراچی پریس کلب کے صدر اور عہدیداروں سے بلال احمد کی ویڈیو کا نوٹس لینے اور پریس کلب کے احاطے میں متنازعہ مواد کی فلم بندی کی حوصلہ شکنی کرنے کو بھی کہا تھا۔

ایک ٹویٹر پیغام میں جبران ناصر نے لکھا، "میں سول سوسائٹی کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا شکر گزار ہوں کہ ان کی جانب سے کچھ مفاد پرستوں کی جانب سے شروع کی گئی مذموم مہم کے خلاف یکجہتی اور حمایت کی گئی جنہوں نے اس عمل میں کراچی پریس کلب کو بھی بدنام کرنے کی کوشش کی۔”

جبران ناصر نے مزید لکھا ہے کہ "کراچی پریس کلب اس معاملے کو خود دیکھے اور حقائق سامنے لے کر آئے۔”

چرچ کی تازہ ترین کارروائی

مزید برآں، چرچ آف پاکستان – ڈائیوسیز آف کراچی نے صحافی بلال احمد کے خلاف مسیحی برادری کے خلاف منافرت پھیلانے اور عبداللہ ہارون روڈ صدر کراچی میں قائم ہولی ٹرنیٹی کیتھیڈرل چرچ کی سیکورٹی کے بندوبست کا مطالبہ کیا ہے۔

سوسائٹی آف آرچ بشپس نے بلال احمد کے خلاف کارروائی کے لیے سندھ رینجرز، اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) آرٹلری میدان تھانے اور فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سائبر کرائم سیل کراچی کے ڈائریکٹر کو خط لکھ دیا ہے۔

Church seeks action

Church seeks action

Church seeks action

واضح رہے کہ بلال احمد کی جانب سے جبران ناصر کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا مہم چلانے پر سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے صحافی کی کارگزاری کی مذمت کی تھی۔

وکیل جبران ناصر نے اپنی سپورٹ پر ایس ایچ سی بی اے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "میں سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کا مشکور ہوں کہ انہوں نے ایک اپنے وکیل ساتھی کی حمایت کی اور بطور وکیل میری پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران میرے خلاف دھمکیوں اور نفرت انگیز تقاریر کی مذمت کی۔”

متعلقہ تحاریر