کراچی میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری، متعدد علاقے زیر آب آگئے
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مزید بارشوں کے خدشے کے پیش نظر شہر کے مختلف حصوں میں ریسکیو آپریشن کے لیے اہلکاروں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔
سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گزشتہ دو راتوں سے وقفے وقفے سے ہونے والی مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے شہر کے کئی علاقے پانی ڈوب گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ صدر، زینب مارکیٹ، کورنگی، اولڈ سٹی ایریا، ، نیوکراچی ، گلستان جوہر ، ناظم آباد ، آئی آئی چندریگر روڈ پر بارش کے باعث جگہ جگہ پانی کھڑا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
سکھر میں بارشوں سے ڈپٹی کمشنر ہاؤس کے فیکشن پوائنٹ کی دیواریں زمین بوس ہوگئیں
کراچی کے نوجوانوں نے ٹوٹے ہوئے پل پر کیک کاٹ کر جشن آزادی منایا
ملیر ندی میں طغیانی کے باعث سیلابی پانی رات گئے گھروں میں داخل ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج موسلا دھار بارش ہوگی جس سے شہر میں سیلاب کا خدشہ ہے۔
گذشتہ روز کی مسلسل بارش سے ملیر ندی کے سیلابی پانی میں متعدد افراد پھنس گئے۔ اطلاع ملنے پر شہری انتظامیہ نے ریسکیو آپریشن شروع کر کیا۔
اطلاعات کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے ملیر میمن گوٹھ سے دو افراد کو بچا لیا گیا ہے۔
سومر کنڈانی گوٹھ سے بھی آٹھ خاندانوں کو بچا لیا گیا۔ بچائے گئے افراد کو عارضی طور پر گورنمنٹ بوائز اسکول منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مزید بارشوں کے خدشے کے پیش نظر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
یاد رہے کہ کراچی میں مون سون کی بارشوں کے بعد کئی علاقوں میں سوئی سدرن گیس کی لائنیں بری طرح متاثر ہوئیں۔ گزشتہ روز گیس لیکیج کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
شہر کے کئی علاقوں میں لائنیں متاثر ہونے سے گیس کے اخراج کی شکایات موصول ہوئیں۔ بعض علاقوں میں گیس لائنوں میں پانی بھر جانے سے گھریلو صارفین گیس سے محروم ہو گئے۔
ادھر حیدرآباد میں بھی محکمہ موسمیات نے ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے کیونکہ گزشتہ رات سے شروع ہونے والی بارش کی وجہ سے کئی علاقے زیر آب آ گئے ہیں ، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔









