اندرون سندھ بارشوں نے تباہی مچا دی، ایک ہی رات میں 12 افراد جاں بحق ہو گئے
خیرپور میں مسجد کی چھت گرنے سے 7 ، سکھر میں گھر کی چھت گرنے سے 4 اور کشمور میں گھر کی چھت گرنے سے 1 خاتون جاں بحق ہوگئی۔
سکھر سمیت اندرون سندھ موسلادھار بارش اور اس کی تباہ کاریاں جاری ، خیرپور میں مسجد کی چھت گرنے سے 7 افراد اور سکھر میں مکان کی چھت گرنے سے 4 بچے جاں بحق ، دیگر واقعات میں 30 سے افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ، تمام زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں داخل کرادیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سکھر سمیت اندرون سندھ کے دیگر اضلاع خیرپور ، گھوٹکی ، شکارپور ، لاڑکانہ جیکب آباد و دیگر میں منگل کی شب سے شروع ہونے والا موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیے
سندھ، بلوچستان میں بارشوں نے تباہی مچا دی، حکمران اشرافیہ منظر سے غائب
سکھر سمیت اندرون سندھ بارشوں سے تباہی مچ گئی، کئی افراد جاں بحق، متعدد زخمی
بارش سے جہاں سکھر سمیت دیگر شہر بارش کا پانی جمع ہونے کی وجہ سے اربن فلڈ کا منظر پیش کررہے ہیں وہیں مکانات اور گھروں کی چھتیں گرنے کے واقعات بھی بڑھ گئے۔
خیرپور ضلع کے علاقے احمد پور میں ایک مسجد کی چھت گرنے سے سات افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
متوفیان اور زخمی بارش کی وجہ سے گھروں کی زبوں حالی کے باعث مسجد میں پناہ لیے ہوئے تھے کہ ان کے ساتھ یہ حادثہ پیش آیا ، جس کے علاقے میں کہرام مچ گیا ہے اور فضا سوگوار ہوگئی ہے۔
اسی طرح سکھر ضلع کی تحصیل روہڑی کے علاقے کندھرا میں اقبال برڑو نامی شخص کے گھر کی چھت گرنے سے چار بچے موقع پر دم توڑ گئے۔
کشمور کندھکوٹ ضلع کے گاؤں بجار خان بجارانی میں گھر کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق اور دو بچے زخمی ہوگئے اسی طرح اندرون سندھ کے مختلف اضلاع میِں بھی چھتیں گرنے کے واقعات پیش آئے جن میں خواتین اور بچوں سمیت 30 سے زائد افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ، جنہیں قریبی اسپتالوں میں داخل کردیا گیا ہے۔