آصف زرداری، بلاول اور شہباز شریف ذاتی دولت سے سیلاب زدگان کی مدد کریں، سراج الحق
سراج الحق کا کہنا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے 90 فیصد علاقے بارشوں اورسیلاب کی وجہ سے ڈوب چکے ہیں جبکہ پیشگی اطلاعات کے باوجود وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے بچاؤ کے اقدامات نہیں کیے۔ جاگیرداروں نے اپنی زمینیں بچانے کے لیے پانی کا رخ غریب بستیوں کی طرف موڑ دیا
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے 90 فیصد علاقے بارشوں اورسیلاب کی وجہ سے ڈوب چکے ہیں جبکہ دونوں صوبوں میں بستیاں زیرآب آگئیں ہیں تاہم پیشگی اطلاعات کے باوجود حکومتوں نے کوئی خاص اقدامات نہیں کیے ۔
جماعت اسلامی کے امیرسراج الحق نے سکھر میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں کہاکہ سندھ کی بستیاں ڈوب گئی، فصلیں تباہ ہوگئیں ہیں۔ انتہائی افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ لوگ کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں جبکہ اشیائے خوو نوش اور سر چھپانے کے لیے خیمے تک میسر نہیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی جائے گی، آرمی چیف
ان کا کہنا تھا کہ بارشوں کی پیشگی اطلاعات باوجود وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے کچھ اقدامات نہیں کئے۔ ملک بھر میں طوفانی بارشوں سے 800 افراد شہید ہوچکے ہیں جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) کے امدادی کام بہت سست رفتار ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سیلاب زدگان و بارش متاثرین کا سامان منتخب نمائندوں کو دیا گیا ہے جو ووٹ کی سیاست کر رہے ہیں ۔امدادی فنڈز اور امدادی سامان میں کرپشن سرعام ہورہی ہے۔سندھ اور بلوچستان کی حکومتوں نے فنڈز کا اعلان کیا لیکن کہیں خرچ نہیں ہوا۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں ہے ۔ سیاسی جماعتیں اختلافات کو پس پشت ڈال کر مصیبت زدہ لوگوں کی مدد کیلئے آگے آئیں۔وزیر اعظم خود امدادی کا رروائیوں کی نگرانی کریں مگر انکے وزراء خود منظر سے غائب ہیں جبکہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ کو بنی گالہ سے فرصت نہیں مل رہی ۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو طنز کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسمبلی ارکان خریدنے کے لیے ان کے پاس اربوں روپے ہوتے ہیں مگر عوام کے لیے ایک روپیہ نہیں ہوتا ۔انہوں نے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا ۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ بلوچستا ن میں جاگیرداروں نے اپنی زمینیں بچانے کے لیے سیلابی پانی کا رخ غریبوں کی زمینوں کی جانب موڑ دیا جس سے وہ بستیاں تباہ ہوگئیں اور لوگ بے آسرا ہوئے ۔
سراج الحق نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور شریک چیئرمین اور وزیر اعظم شہباز شریف سے درخواست کرتا ہوں حج و عمرے سے زیادہ بہتر عبادت لوگوں کی جان بچانا ہے ۔ آگے آئیں اور اپنے ذاتی اثاثوں میں سے غریبوں کی مدد کریں۔