پاکستان نیوی کا سندھ میں فلڈ ریلیف آپریشن مزید وسیع کردیا گیا

ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پاکستان نیوی کے ایک اعلامیہ کے مطابق  کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل جاوید اقبال نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی معائنہ بھی کیا اور جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا

پاکستان بحریہ کی جانب سے سندھ میں سیلابی صورتحال کے بعد شروع کی گئی امدادی سرگرمیاں صوبے کے دور دراز دیہی علاقوں بشمول گھارو، جاتی، کوڈاریو، چوہڑ جمالی، گوٹھ قادر ڈنو شاہ، جھڈو، میرپور خاص، سنداد گاؤں، گاؤں بلو، ٹنڈو کے قریب جا کمب، جان محمد، ناکہ گاؤں، ٹھٹھہ، گوٹھ کوڈاڑیو، شاہبندر، چوہڑ جمالی، سجاول، کشمور، دادو، جنگو جلبانی، قمبر شہداد کوٹ اور سانگھڑ میں جاری ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پاکستان نیوی کے ایک اعلامیہ کے مطابق پاک بحریہ کے جوانوں سمیت غوطہ خور ٹیموں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں محصور خاندانوں کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ پاک بحریہ کی ریسکیو ٹیمیں اپنے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مختلف علاقوں میں سیلابی پانی نکالنے کے عمل میں حصہ لے رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

سیلابی صورتحال پی ٹی آئی کے جلسے ، جماعت کے حمایتی بھی ناراض

ڈی جی  پبلک ریلیشنز کے  مطابق پاک بحریہ کی جانب سے لگائے گئے میڈیکل کیمپس میں متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ پاک بحریہ کے جوان متاثرہ لوگوں میں راشن بیگز، پینے کا صاف پانی، خیمے اور دیگر ضروریات زندگی تقسیم کر رہے ہیں۔

پاکستان بحریہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ پاک بحریہ کے کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل جاوید اقبال نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی معائنہ بھی کیا اور جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

 پاک بحریہ، سول انتظامیہ اور مختلف فلاحی تنظیموں کے ساتھ مل کر سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مسلسل مدد کر رہی ہے جبکہ سیلاب سے شدید متاثرہ علاقوں میں بحالی کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پاکستان نیوی کے کے مطابق  پاک بحریہ کا سندھ میں جاری ریلیف آپریشن مشکل کی گھڑی میں ہم وطنوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے عزم کا عملی مظاہرہ ہے۔

متعلقہ تحاریر