ڈی ایچ اے کراچی میں 3منزلہ عمارت جھک گئی، علاقے میں خوف و ہراس

واقعہ خیابان شمشیر میں پیش آیا، عمارت سے متصل پلاٹ پر کیفے ذوق کو گراکر نئی عمارت کی تعمیر کیلیے بنیاد کھودی گئی تھی، بارشوں کے دوران کئی دن پلاٹ میں پانی بھرا رہا،متاثرہ عمارت خالی ہے، متعلقہ اداروں کو آگاہ کردیا، پولیس

کراچی میں اب تک عمارتیں گرنے اور جھکنے کے واقعات  لیاری، موسیٰ کالونی، گولیمار، ملیر، فیڈرل بی ایریا، اورنگی اور بلدیہ جیسے متوسط اور پسماندہ علاقوں میں پیش آئے ہیں لیکن اب  ڈی ایچ اے جیسے پوش علاقے میں بھی  عمارت جھک گئی۔

3 منزلہ  عمارت  جھکنے کا واقعہ ڈی ایچ اے کے علاقے خیابان شمشیر میں پیش آیا ہے ۔واقعے کے باعث اہل علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی میں غیرقانونی تعمیرات اور مخدوش عمارتوں  کو مہندم کرنے کا فیصلہ

بلڈرز مافیا کراچی کی ایک اور تاریخی عمارت نگل گیا

انگریزی روزنامہ ڈان کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ عمارت سے متصل پلاٹ پر دوسری عمارت کی بنیاد ڈالنے کیلیے زمین کھودی گئی تھی جس کی وجہ سے عمارت اپنی جگہ سے سرکنے کے باعث جھک گئی۔

درخشاں تھانے کے ایس ایچ او شعیب رحمان  نے روزنامہ ڈان کو بتایا کہ  پولیس کی ٹیم نے گزشتہ شام خستہ حال عمارت کا دورہ کیا تھا،انہوں نے بتایا کہ عمارت خالی ہے، وہاں کوئی رہائش پذیر ہے نہ ہی کوئی دفتر واقع ہے۔انہوں نے کہا کہ جب وہاں کوئی موجود ہی نہیں ہے تو عمارت خالی کرانے  کی افواہیں غلط ہیں۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Dawn Today (@dawn.today)

انہوں نے کہا کہ عمارت  جھکاؤ کی اصل  وجہ  متعلقہ ماہرین ہی بتاسکتے ہیں لیکن متاثرہ عمارت سے متصل پلاٹ پر ایک اور عمارت تعمیر ہورہی ہے شایدا س کی وجہ سے عمارت میں جھکاؤ آیا ہے۔

ایس ایچ او نے بتا یا کہ  یہ خدشہ  ہے کہ مذکورہ عمارت کسی بھی وقت گر سکتی ہے ،تمام متعلقہ اداروں کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

اس دوران علاقے میں رہنے والے ایک شخص نے نشاندہی کی کہ یہ عمارت کیفے کلفٹن کے قریب واقع  پرانے کیفے ذوق سے متصل ہے۔انہوں نے کہاکہ کیفے کو منہدم کر دیا گیا تھا اور اس کی جگہ ایک نئی عمارت تعمیر کی جا رہی ہے،مذکورہ پلاٹ  میں بارش کے دوران  بہت زیادہ پانی  بھرا ہوا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سرجانی ٹاؤن میں ایک کثیر المنزلہ زیر تعمیر عمارت گرنے سے ایک مزدور جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہو گئے تھے۔  واقعے کی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ عمارت ناقص میٹریل کے استعمال اور بلڈر اور ٹھیکیدار کی غفلت کے باعث گری۔13 جولائی کو لیاری کے علاقے اولڈ سٹی ایریا میں بھی کثیر المنزلہ خستہ حال عمارت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

متعلقہ تحاریر