کراچی میں بلدیاتی الیکشن کے انتظار میں 12 امیدوار دنیا سے رخصت ہوگئے

مرنے والوں میں ضلع کورنگی اور ضلع وسطی کی کی یونین کمیٹیزکے 2،2امیدوار برائے چیئرمین و وائس چیئرمین ، ضلع غربی کاایک امیدوار برائے یوسی چیئرمین جبکہ ضلع کیماڑی، ملیر، کورنگی اور شرقی سے جنرل کونسلر کے 7 امیدوار بھی شامل ہیں۔

کراچی میں بلدیاتی الیکشن  الیکشن قریب آتے ہی کسی نہ کسی بہانے اچانک ملتوی کردیے جاتے ہیں اور الیکشن کمیشن ہر مرتبہ ایک نئی تاریخ دے دیتا ہے ۔

اب تک 3 مرتبہ بلدیاتی الیکشن ملتوی ہوچکے ہیں اور اس دوران عوامی نمائندگی کی آس  لیے 12 امیدوار دنیا سے رخصت ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیے

الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی بلدیاتی الیکشن سے فرار کی کوشش ناکام بنادی

کراچی کے بلدیاتی انتخابات: سندھ حکومت پولیس نہ ہونے کا عذر لے آئی

کراچی میں بلدیاتی الیکشن کے التوا کا سلسلہ جولائی کے مہینے سے جاری ہے، پہلی مرتبہ سندھ حکومت نے ممکنہ بارشوں کو جواز بناکر الیکشن کمیشن سے بلدیاتی الیکشن کے التوا کی درخواست کی اور یوں الیکشن کمیشن نے 24 جولائی کے الیکشن 4 سے  روز قبل 20جولائی کو انتخابات ملتوی کرنےکااعلان کردیا۔

دوسری مرتبہ سندھ میں ہونے والی غیرمعمولی بارشوں کے پیش نظر 28 اگست کو ہونے والے انتخابات ملتوی کردیے گئے۔جس کے بعد14 ستمبر کو الیکشن کمیشن نے تیسری مرتبہ بلدیاتی انتخابات کی تاریخ دیتے ہوئے 23 اکتوبر کو الیکشن کرانے کا اعلان کیا تاہم سندھ حکومت اور وفاق کی جانب سے سیکیورٹی کی عدم فراہمی کو جواز بناکر ایک مرتبہ پھر بلدیاتی الیکشن غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیے گئے ہیں البتہ الیکشن کمیشن 15 روز بعد اجلاس بلاکر بلدیاتی انتخابات کی نئی تاریخ کے حوالے سے فیصلہ کرے گا۔

افسوسناک امر یہ ہے کہ بلدیاتی الیکشن کے پے در پے التوا کے دوران کراچی میں  مختلف اضلاع کی یونین کمیٹیوں کے 12 امیدوار  بلدیاتی نمائندہ بننے کی آس لیے دنیا سے رخصت ہوگئے۔

الیکشن کمیشن کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق بلدیاتی انتخابات کی بدلتی ہوئی تاریخوں کے درمیان ضلع کورنگی کی یونین کمیٹیز سے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے دو امیدوار انتقال کرگئے ، ضلع غربی میں یوسی چیئرمین کے ایک امیدوار بھی اس دوران جہان فانی سے کوچ کرگئے ۔

ضلع وسطی کی  یونین کمیٹیز کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے دو امیدوار  بھی اس دوران داعی اجل کو لبیک کہہ گئے جبکہ ضلع کیماڑی، ملیر، کورنگی اور شرقی سے جنرل کونسلر کے 7 امیدوار بھی بلدیاتی انتخابات کی تاریخوں کے درمیان  انتظار کی سولی پر لٹکتے دنیا کو خیر باد کہہ گئے۔

متعلقہ تحاریر