موٹر وے پولیس کے زیرانتظام قومی شاہراہ پر موک ایکسائز کا انعقاد کیا گیا
انسپکٹر جنرل آف موٹر ویز پولیس خالد محمود کی ہدایت پرمنعقد کی گئی موک ایکسائز میں موٹر وے اور ضلعی پولیس، فائربریگیڈ اورایدھی فاؤندیشن کے رضا کاروں نے حصہ لیا، ایس ایس پی موٹر وے سکھر سیکٹر نے آئل ٹینکرز مالکان سے درخواست کی ہے کہ قوائد و ضوابط پر عمل کریں تاکہ جان لیوا حادثات سے بچا جاسکے

موٹر ویز پولیس کے زیراہتمام پنوعاقل کے قریب قومی شاہراہ این فائیو پر موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔ ایکسر سائز کا مقصد حادثے کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو سروسز فراہم کرنا تھا ۔
انسپکٹر جنرل آف موٹر ویز پولیس خالد محمود کی ہدایت پرپنوعاقل کے قریب قومی شاہراہ این فائیو پر موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا جس میں موٹر وے اور ضلعی پولیس سمیت فائر بریگیڈز اور ایدھی فاؤندیشن کے رضاکاروں نے حصہ لیا ۔
یہ بھی پڑھیے
موٹر وے ایم 5 پر آئل ٹینکر سے ٹکرا کر بس میں آگ بھڑک اٹھی ،20مسافر جاں بحق
ملک کی مختلف شاہراہوں پرخطرناک روڈ حادثات خصوصاً آئل ٹینکر کے حادثے کی صورت میں انسانی جان و مال کو بچانے کے لئے موٹروے پولیس اور ریسکیو اداروں کے ساتھ مل کر موک ایکسر سائز کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
پنوں عاقل میں منعقد کی گئی موک ایکسائز کا مقصد حادثے کی صورت میں موٹروے پولیس اور دیگر ریسکیو اداروں کا بروقت حادثے کی جگہ پر پہنچنا اور پیشہ ورانہ امور کوبہتر طریقے سے سرانجام دینا ہے۔
ایس ایس پی موٹر ویز سکھر سیکٹر زاہد نذیر کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ اور موٹر ویز پر عوام کی جان و مال کا تحفظ موٹر وے پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔
زاہد نذیر کا کہنا تھا کہ آئل کمپنیاں خطرناک آتش گیر مواد کی ایک شہر سے دوسرے شہر آئل ٹینکرز کے ذریعے منتقلی کے دوران بین الاقوامی قوائد و ضوابط پرسختی سے عمل کریں تاکہ جان لیوا حادثات پر مزید قابو پایا جاسکے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی جی موٹر وے کے واضح احکامات کے بعد اس طرح کی مشقوں کے انعقاد سے موٹر وے پولیس کے جوانوں و افسران کو پیشہ ورانہ امور سرانجام دینے میں مزید مدد حاصل ہوگی۔









