کراچی:شیر شاہ کباڑی مارکیٹ میں آتشزدگی ، متعدد دکانیں جل کر خاکستر ہو گئیں
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ تنگ گلیوں کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا ، تاہم اب آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔

کراچی کے علاقے شیرشاہ کی کباڑی مارکیٹ میں لگنے والے آگ پر فائر بریگیڈ کے عملے نے 3 گھنٹوں کی کوششوں کے بعد قابو پالیا ہے۔
گزشتہ سال دسمبر میں شیر شاہ کباڑی مارکیٹ کے گندے نالے میں گیس لیکج سے دھماکے کے بعد آج پر کباڑی مارکیٹ میں خوفناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں متعدد دکانیں اور کروڑوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی کے علاقے شیر شاہ میں دھماکہ، 12 افراد جاں بحق ، متعدد زخمی
تفصیلات کے مطابق آگ لگنے کا واقعہ صبح 8 بجے پیش آیا تھا تاہم ابتدائی طور پر آگ لگنے کا پتا نہیں چلا تھا کیونکہ اس وقت مارکیٹ بند ہوتی ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ بجھانے کے عمل میں فائر فائٹرز کی 9 گاڑیوں نے حصہ لیا ، تنگ گلیوں اور پانی کی کمی کی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا ۔کا سامنا ہے۔
دوسری جانب دکانداروں کا کہنا ہے بجلی کا تار شاٹ سرکٹ سے ٹوٹا تھا جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لےلیا۔
آگ لگنے کی اطلاع کے بعد پولیس ، رینجرز اور ریسکیو ٹیموں کے کارکنان کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ سے جھلس کر ایک شخص زخمی ہوا ہے جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا ہے۔
پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے غیرمتعلقہ افراد کو مارکیٹ سے دور بھیج دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں شیرشاہ کباڑی مارکیٹ کے گندے نالے میں گیس لیکج سے دھماکہ ہوا تھا ، جس کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ جس کے بعد حکومت نے مارکیٹ کو محفوظ بنانے کے لیے متعدد اعلانات کیے تھے لیکن وہ اعلانات ، اعلانات تک ہیں محدود رہ گئے تھے۔