الیکشن کمیشن کو 15 روز میں کراچی، حیدرآباد میں بلدیاتی الیکشن کا شیڈول جاری کرنیکا حکم
عدالت عالیہ نے کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی الیکشن کے التوا کیخلاف جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کی درخواستوں پر فیصلہ سنادیا۔

سندھ ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو 15 روز میں کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی الیکشن کا شیڈول جاری کرنے کا حکم دے د یا۔
عدالت عالیہ نے کراچی اور حیدرآباد میں مقامی حکومتوں کےانتخابات کے التوا کیخلاف جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کی درخواستوں پر فیصلہ سنادیا۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی میں بلدیاتی الیکشن کے انتظار میں 12 امیدوار دنیا سے رخصت ہوگئے
الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی بلدیاتی الیکشن سے فرار کی کوشش ناکام بنادی
عدالت عالیہ سندھ نے بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کے خلاف درخواستیں منظور کرتے ہوئے کراچی، حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں حکم دیا کہ الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرے اور سندھ حکومت الیکشن کمیشن کو نفری فراہم کرے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے بھی سندھ حکومت کی کراچی، حیدرآباد میں مقامی حکومتوں کے انتخابات مزید 3 ماہ کیلیے ملتوی کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کررکھا ہے۔
یاد رہے کہ کراچی میں بلدیاتی الیکشن 24 جولائی کو منعقد ہونا تھے تاہم الیکشن کمیشن نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر صوبائی حکومت کی درخواست پر21 جولائی کو انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کردیا تھا۔
بعدازاں الیکشن کمیشن نے 28 اگست کو انتخابات کرانے کا شیڈول جاری کیا لیکن سندھ حکومت نے صوبے میں آنے والے سیلاب اور پولیس کی نفری کی سیلاب زدہ علاقوں میں مبینہ تعیناتی کو جواز بناکر الیکشن ملتوی کرادیے۔
الیکشن کمیشن نے تیسری مرتبہ 23 اکتوبر کو انتخاب کے انعقاد کا شیڈول جاری کیا تاہم الیکشن کمیشن کی یہ کوشش بھی سندھ حکومت کے عدم تعاون کے باعث بارآور ثابت نہ ہوسکی اورسندھ حکومت نے سیلاب زدہ علاقوں اور اسلام آباد میں سندھ پولیس کی تعیناتی کو جواز بناککر تیسری مرتبہ بھی کراچی اور حیدرآباد میں انتخابات ملتوی کرادیے تھے۔









