سندھ حکومت کا الیکشن کمیشن کو ایک اور خط: کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے مطالبہ
سندھ حکومت نے سندھ حکومت نے صوبائی الیکشن کمشنر کو ایک اور خط لکھ دیا ہے جس میں کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے جو اصل میں کل (15 جنوری) کو ہونے والے ہیں۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے جمعہ کو سندھ حکومت کے اس اقدام کو مسترد کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات شیڈول کے مطابق یعنی 15 جنوری کو کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان کو غریب ہمارے اپنے لوگوں نے بنایا ہے، سید خورشید شاہ
سندھ حکومت کی جانب سے ای سی پی کو لکھے گئے خط میں سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما ہوسکتا ہے۔
سندھ حکومت نے اپنے خط میں ای سی پی سے مطالبہ کیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات اس وقت تک ملتوی کیے جائیں جب تک سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات نہیں کیے جاتے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز خفیہ ایجنسیوں نے ایک میٹنگ میں سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں سیکیورٹی کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا تھا اور مبینہ طور پر بلدیاتی انتخابات نہ کرانے کی سفارش کی تھی۔
دوسری جانب سندھ حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط کےبعد چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ای سی پی کا ہنگامی اجلاس دوپہر ایک بجے طلب کرلیا ہے۔









