کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کے ووٹنگ کا عمل جاری، سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات
الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق کراچی کی سات ڈویژنز اور حیدرآباد کی نو ڈویژنز میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔
سندھ کے دارالحکومت کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے ، لاکھوں افراد ووٹ کا حق استعمال کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی اور حیدرآباد میں آج صبح 8 بجے پولنگ کا عمل شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔
یہ بھی پڑھیے
سلیمان شہباز کی جہانگیر ترین سے ملاقات ، ترین نے ن لیگ میں شمولیت کا معاملہ ٹال دیا
ٹیکنوکریٹ نہیں صرف پی ٹی آئی کی حکومت ملک کو بحران سے نکال سکتی ہے، عمران خان
الیکشن کمیشن کی طے کردہ حدود کے مطابق کراچی کے 7 اور حیدرآباد ڈویژن کے 9 اضلاع میں پولنگ جاری ہے۔
کراچی کے سات اضلاع جن میں وسطی، مشرقی، مغربی، کورنگی، ملیر، کیماڑی اور جنوبی اضلاع پولنگ کے عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔ 246 یونین کمیٹیوں کے لیے ہر ووٹر کو صرف 2 ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت ہے۔
روشنیوں کے شہر کراچی کے 25 ٹاؤنز کے 246 یو سیز کے 984 وارڈز میں پولنگ کا عمل جاری ہے تاہم صبح کے وقت سردی کی وجہ سے ابھی تک ووٹرز کی جانب سے گہما گہمی دکھائی نہیں دے رہی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کچھ علاقوں میں ووٹنگ کا عمل تو جاری ہے تاہم ٹرن آؤٹ ابھی تک نہ ہونے کے برابر ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے لوگوں کو گھروں سے نکل کر ووٹ کاسٹ کرنے کی اپیل کی ہے۔
اسی طرح حیدرآباد کے 9 اضلاع میں بھی لوگ بلدیاتی انتخابات کے لیے ووٹ کاسٹ کررہے ہیں ، تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق ابھی تک ٹرن آؤٹ بہت کم ہے۔
سندھ کے تاریخی شہر ٹھٹھہ میں 2551، دادو میں 1436، ٹنڈو محمد خان میں 452، مٹیاری میں 715، ٹنڈو الہیار میں 839 اور جامشورہ میں 839 امیدواروں کے درمیان مختلف نشستوں پر مقابلہ جاری ہے ، جبکہ ووٹرز کی جانب سے اپنے اپنے امیدوار کے حق میں نعرے بازی بھی جاری ہے۔
سیکیورٹی خدشات
واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ حکومت اور سیکیورٹی اداروں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بریفنگ کے ذریعے اس بات پر قائل کرنے کی کوشش کی کہ بلدیاتی انتخابات کو فی الحال ملتوی کردیا جائے کیونکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما ہوسکتا ہے۔
تاہم الیکشن کمیشن نے ہفتے کے روز ہی فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ انتخابات ہر صورت 15 جنوری کو ہی ہوں گے۔ اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے سیکیورٹی اداروں کو فول پروف انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔
ڈی جی رینجرز سندھ نے ڈی آئی جی ساؤتھ آفس میں قائم کنٹرول کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر ڈی جی رینجرز سندھ کو سیکیورٹی کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ، کنٹرول میں پولیس کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔









