جیل سے ڈر نہیں لگتا اور موت کو بہت قریب سے دیکھ چکا ہوں، عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے الیکشن کمیشن نے پنجاب میں ایسے شخص کو نگراں وزیراعلیٰ لگایا جس کو آصف زرداری اپنا بیٹا کہتا ہے ، رجیم چینج میں سب سے بڑا کردار محسن نقوی تھا۔

سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے جیل سے کوئی ڈر نہیں ، موت کو بھی بہت قریب سے دیکھ لیا ہے ، وعدہ کرتا ہوں جب تک زندہ ہوں ملک کے لیے جدوجہد کرتا رہوں گا ، پوری قوم سے کہتا ہوں اگر آج آپ کھڑے نہ ہوئے تو آگے اندھیرا ہے۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین تحریک انصاف نے اپنے قوم سے خطاب میں کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا ملک میں صاف و شفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ، الیکشن کمیشن سے پوچھتا ہوں کہ محسن نقوی کو نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کس بنیاد پر لگایا گیا ہے ، ہم نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے ایسے نام دیئے تھے جو ن لیگ کو پسند آنے چاہیے تھے ، محسن نقوی کو آصف زرداری اپنا بیٹا کہتا ہے۔ محسن نقوی کیا سندھ ہاؤس میں نہیں تھے جہاں پیسہ چلا تھا۔ کیا انہیں نہیں پتا تھا کہ رجیم چینج میں سب سے بڑا کردار محسن نقوی تھا۔

یہ بھی پڑھیے

حکومت کو 8 نہیں ڈیڑھ ماہ ہوئے ہیں، سہولت کاری نومبر کےبعدختم ہوئی، جاوید لطیف

نئی فوجی قیادت کے ساتھ کوئی ریلیشن شپ نہیں ، عمران خان

عمران خان کا کہنا تھا ہم نے نگراں وزیراعلٰی کے لیے وہ نام دیئے جو نیوٹرل تھے ، تاکہ شفاف انتخابات ہوسکیں۔

سربراہ تحریک انصاف کا کہنا تھا آج میں عدلیہ اور وکلاء سے مخاطب ہوں ، یہاں ظلم کا نظام ہے اس لیے ہم تباہی کی جانب جارہے ہیں،  قوم پوچھ رہی ہے کہ یہ لوگ کیوں اپنے کیسز ختم کراتے جارہے ہیں۔ ان طاقتور ڈاکوؤں نے اپنے 1100 ارب روپے کے کیسز معاف کروا لیے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اس ملک کی وارث ہے انہیں اس ملک کی تقدیر کو اپنے ہاتھ میں لینا ہوگا۔

تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ میرے اوپر قاتلانہ حملہ کرایا گیا سب جانتے ہیں کیوں کرایا گیا ، میں اپنے اوپر ہونے والے حملے کی ایف آئی آر اپنی مرضی سے درج نہیں کروا سکا ، آج ملک کے حالات دیکھ لیں معیشت خراب ہوتی جارہی ہے ، موجودہ سیٹ اپ ملک کو تباہی کی جانب لے کر جارہا ہے ، ارشد شریف خوددار اور دیانتدار صحافی تھے ، کسانوں سے پوچھیں کیوں ہو یوریا کھاد دگنی قیمت پر خریدنے پر مجبور ہیں ، میری ساری جدوجہد اپنے پاکستانیوں کے لیے ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا جیل جیسی باتوں کی مجھے کوئی فکر نہیں ، میں ایک آزاد انسان ہوں ، کبھی کسی کی غلامی قبول نہیں کروں گا ، آخری گیند تک ان چوروں کا مقابلہ کروں گا ، افسوس سے کہتا ہوں ہمارا ملک وہ نہیں بن سکا جو بننا چاہیے تھا ، پاکستان میں قانون کی بالادستی نہیں ہے اس لیے ہم آگے نہیں بڑھ سکے۔

عمران خان کا کہنا تھا مجھ پر حملے کرنے والے ملزم نوید کی ویڈیو کی ریکارڈنگ ڈی پی او اور سی ٹی ڈی انچارج نے کرائی ، مجھے معلوم ہے میری ایف آئی آر کیوں نہیں کاٹی جارہی ، مجھ پر حملے کی جے آئی ٹی تو وفاقی حکومت نے بنائی ہی نہیں ، پنجاب حکومت نے بنائی تھی ، نگراں حکومت آتے ہی وہ جے آئی ٹی بھی بند کردی گئی۔

عمران خان کا کہنا تھا نگراں سیٹ اپ کے بعد آئین کے مطابق 48 گھنٹوں میں نئے انتخابات کی تاریخ دینا ہوتی ہے۔

متعلقہ تحاریر