قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات: عمران خان 33 نشستوں پر پی ٹی آئی کے امیدوار نامزد

وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کی تمام خالی نشستوں پر چیئرمین تحریک انصاف انتخابات لڑیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ضمنی انتخابات لڑے گی اور تمام نشستوں سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پارٹی کے امیدوار ہوں گے۔

لاہور میں عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اجلاس آج چیئرمین صاحب کی زیر صدارت ہوا جس میں پی ٹی آئی کے اسیر رہنما فواد چوہدری کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور چیف جسٹس آف پاکستان سے سوموٹو لینے کا مطالبہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

پیپلز پارٹی کا عمران خان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان

فواد چوہدری پاکستان کا ہیرو ہے پرویز الہیٰ کے بیان پر دکھ ہوا، حماد اظہر

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ تحریک انصاف قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لے گی اور 33 نشستوں پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پارٹی کے امیدوار ہوں گے۔

عمران خان کی زیر صدارت کور کمیٹی کا اجلاس لاہور میں منعقد ہوا جس میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فواد چودھری کی اہلیہ کے علاوہ ملک بھر سے کور کمیٹی کے ارکان شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران سینئر نائب صدرفواد چودھری کے خلاف انتقامی کارروائیوں کی مذمت کی گئی اور ان کی ثابت قدمی پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ کور کمیٹی اراکین نے الیکشن کمیشن کی جانب سے صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تاریخ نہ دینے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

متعلقہ تحاریر