عمران خان کو توبہ تائب ہوکر اصولوں کی سیاست کرنی چاہیے ، خورشید شاہ

سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ جمہوری سیاست کا اصول ہے کہ پارلیمنٹ کے اندر ریاستی مفاد کیلئے کام کیا جائے اور باہر سیاست کی جائے۔

وزیر آبی وسائل خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ماضی میں نیب نے تحریک انصاف کے علاوہ ہر بڑی جماعت کے ہر رہنما کو طلب کیا جو نہ صرف پیش ہوئے بلکہ بے بنیاد مقدمات پر طویل مدت کیلئے جیلیں بھی کاٹیں ، اب عمران خان کو بھی نیب میں پیش ہو کر الزامات کا سامنا کرنا چاہیے۔

ایک بیان میں خورشید شاہ نے کہا کہ ملکی مسائل پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ملاقاتیں ہونی چاہئیں مگر عمران خان کے نزدیک ریاست سے زیادہ سیاست مقدم ہے اور وہ ریاستی مسائل سے بےنیاز انتشار اور افراتفری کی سیاست میں مشغول ہیں۔ ملی بھگت اور سازشوں کے ذریعے سیاست میں داخل ہونیوالا شخص ذاتی مفاد سے بالاتر سوچ کا حامل نہیں ہو سکتا۔

یہ بھی پڑھیے

مریم نواز نے انتخابات کرانے کی شرائط پیش کردیں، میاں صاحب کی واپسی کی تاریخ نہیں دی

شاہد خاقان عباسی نے عمران خان کو لیڈر اور سیاسی حقیقت قرار دیدیا

سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ جمہوری سیاست کا اصول ہے کہ پارلیمنٹ کے اندر ریاستی مفاد کیلئے کام کیا جائے اور باہر سیاست مگر پی ٹی ائی نے اپنے ہر دور میں ملکی مفاد کو پس پشت ڈال کر پارلیمنٹ کو سیاسی اکھاڑہ بنائے رکھا اور معیشت، جمہوریت اور نظام انصاف کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ انصاف میں برابری ہونی چاہئے اور اگر ملک میں دو قسم کا انصاف ہوگا تو پھر نظام انصاف پر انگلیاں اٹھتی رہیں گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جیل بھرو تحریک جیل سے ڈرو تحریک ثابت ہوئی ہے اور ملین مارچ اور جیل بھرو تحریک کی مکمل ناکامی کے بعد انہیں انتشار اور افراتفری کی سیاست سے باز آجانا چاہیے اور مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر سیاسی اور معاشی مسائل پر بات چیت کرنی چاہیے۔

وزیر آبی وسائل خورشید احمد شاہ نے مزید کہا ہے کہ عمران خان نے دیکھ لیا کہ جو جیسا کرتا ہے ویسا ہی بھرتا ہے اسلئے انکو اب انتقامی سیاست سے توبہ تائب ہوکر تحمل، بردباری اور اصولوں کی سیاست کی طرف قدم بڑھانا چاہیے۔

متعلقہ تحاریر