جب ہم نیوٹرل نیوٹرل کھیل رہے تھے وہ اپنے خان کے لیے سازشیں تیار کررہے تھے، بلاول بھٹو زرداری

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا سیلیکٹڈ راج کے ذریعے نااہل وزیراعظم کو مسلط کیا گیا ، اس کی وجہ سے آج معاشی بحران ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جب نالائق اور نااہل عمران خان کو اس ملک پر مسلط کیا تھا اس وقت آپ کا ازخود نوٹس کدھر تھا ، ادارے میں چند افراد ضد پر اتر آئے ہیں اور سیاست کررہے ہیں۔ سیاست کرنی ہے تو تیاری پکڑو ، ہم بھی تخت لاہور میں بیٹھ کر غیرجمہوری قوتوں کو جواب دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار بلاول بھٹو زرداری نے گمبٹ میں تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ لیکچر دیئے جاتے ہیں کہ کون کرپٹ ہے اور کون کرپٹ نہیں ہے۔ ہم نہیں مانتے کہ اس ملک میں کوئی انصاف کا ادارہ ہے۔

یہ بھی پڑھیے

الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم کے تناظر میں پنجاب میں عام انتخابات کا شیڈول جاری کردیا

میرے دادا کی یاد میں سندھ کے جانوروں اور انسانوں کو عزت دی جائے، ذوالفقار جونیئر

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک جمہوری پارٹی ہے ، منشور اور نظریے کی سیاست کرتی ہے ، ہم ہر غیر جمہوری وار کا جواب دیں گے۔ ہم جانتے ہیں کہ وہی ڈاکٹرین اور وہی پلان ، پاکستان کو ون یونٹ بنانے کے لیے ، 18ویں ترمیم کو ختم کرنے کے لیے ، صوبے کے حق سلب کرنے کے لیے ، آج بھی وہی پلان جو سیلیکٹڈ کے نام پر 2018 میں ہم پر مسلط کیا گیا۔ آج بھی اسی ڈاکٹرائن کے چاہنے والے ہر ادارے میں موجود ہیں۔ اور جب ہم نیوٹرل نیوٹرل کھیل رہے تھے وہ اپنے خان کے لیے سازشیں تیار کررہے تھے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا ہم پاکستان کی عوام کے سامنے اس دھڑے بندی کو لائیں گے اور دھڑے بندی کے پیچھے سازش بے نقاب کریں گے۔ سندھ حکومت کو کہتا ہوں کہ آپ اپنی ذمہ داری پوری کریں۔ تخت لاہور کی لڑائی کی وجہ سے سندھ کے عوام کے کام کو کوئی فرق نہیں پڑنا چاہیے۔ ہم کٹھ پتلیوں کو جواب دیں گے۔

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا سیلیکٹڈ راج کے ذریعے نااہل وزیراعظم کو مسلط کیا گیا ، اس کی وجہ سے آج معاشی بحران ہے۔

چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ انہی عدالتوں نے قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی چڑھا دیا ، ان اداروں کو پرویز مشرف نظر نہیں آیا ، آج تک کسی جج نے شہید بھٹو کا کیس نہیں سنا ، بےنظیر بھٹو کا آج تک انصاف نہیں ملا ، آج بھٹو کی تیسری نسل انصاف مانگ رہی ہے۔

بھٹو کے نواسے کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے صدر ہوتے ہوئے اپنے اختیارات پارلیمان کو دے دیئے ، سپریم کورٹ کے ججز اپنے اختیارات اپنے ساتھیوں کے ساتھ شیئر کرنے کو تیار نہیں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ نفرت اور تقسیم کی  سیاست کے بجائے منشور کی سیاست پر مقابلہ کرتے توعوام کو  فائدہ ہوتا، اس ملک کی نسل کے ساتھ طاقتور طبقے نے کھیل کھیلا ہے، ہم  فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ پورے پاکستان کو لیڈ  کررہے ہیں، طاقت کی لڑائی میں عوام کا فائدہ نظر انداز ہو جاتا ہے، قائد عوام پاکستان کو بین الاقوامی پاور بنارہے تھے، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے بڑی طاقتوں کو آپس میں بٹھایا، بےنظیر  جب وزیراعظم تھیں تو دینا کے وزیراعظم ا ور صدور انکے پیچھے بھاگتے تھے۔

متعلقہ تحاریر