الیکشن وقت پر نہ ہوئے تو ہم نکلیں گے قوم کال کا انتظار کرے، عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ تمام سروے بتا رہے کہ انتخابات میں تمام پارٹیوں کا خاتمہ ہونے والا ہے۔ آئین کہتا ہے کہ اسمبلیوں کی تحلیل کے 90 دن کے اندر انتخابات ہونے چاہئیں۔

چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم آئین اور قانون کی حکمرانی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

بین الاقوامی جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت انتخابات ہار جائے گی اس لیے وہ گھبرا رہے ہیں۔ حکومت تحریک انصاف کی مقبولیت سے خوفزدہ ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ الیکشن روکنے کے لیے آئین کی خلاف ورزی کرنے پر تیار ہیں۔ اگر حکومت نے الیکشن کو روکنے کی کوشش کی تھی تو تحریک انصاف سڑکوں پر ہوگی۔

یہ بھی پڑھیے 

جب ہم نیوٹرل نیوٹرل کھیل رہے تھے وہ اپنے خان کے لیے سازشیں تیار کررہے تھے، بلاول بھٹو زرداری

ریاست کو مفلوج کرکے لاڈلے کو لانے کی کوششیں کی جارہی ہیں، نواز شریف

ان کا کہنا تھا کہ تمام سروے بتا رہے کہ انتخابات میں تمام پارٹیوں کا خاتمہ ہونے والا ہے۔ آئین کہتا ہے کہ اسمبلیوں کی تحلیل کے 90 دن کے اندر انتخابات ہونے چاہئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت اکتوبر تک الیکشن میں تاخیر کرتی ہے تو ان کے پاس کیا ایسا پلان ہے کہ ملک کے حالات ٹھیک ہوجائیں گے۔ یہ لوگ اپنے آپ کو بچانے کے لیے پاکستان کے مفادات پر کمپرومائز کریں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ یہ پوری طرح سے کوشش کررہے ہیں کہ ہمارا ان کے ساتھ کوئی ٹکراؤ ہو۔ پاکستان میں استحکام صرف انتخابات سے آئے گا۔ ہمیں امید ہے کہ چیف جسٹس آئین اور قانون کے لیے ڈٹے رہیں گے۔

سربراہ تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ طاقتوروں کی کوشش تھی کہ کسی طرح ججز آئین کے ساتھ کھڑے نہ ہوں۔ ججز کو ڈرایا دھمکایا گیا، یہ لوگ پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کو بھی لڑانے کی کوشش کررہے ہیں۔

سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ انتخابات وقت پر نہ ہوئے تو ہم نکلیں گے ، قوم میری کال کا انتظار کرے۔

متعلقہ تحاریر