تحریک انصاف نگراں وزیراعلیٰ کےپی اور پنجاب کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ کرے گی، فواد چوہدری

پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر کا کہنا ہے کہ جن پارلیمنٹیرین نے آرٹیکل 68 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ججز کی توہین کی ہے ، انہیں نتائج کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ میڈیا میں حکومتی موقف اور ہوتا ہے اور سپریم کورٹ کے سامنے ان کا موقف اور ہوتا ہے ، سپریم کورٹ کے سامنے حکومتی ترجمان بڑی اچھی اچھی باتیں کرتے ہیں ، ججز کے احکامات کی تعمیل کی بات کی جاتی ہے ، جبکہ آج میڈیا پر خبریں چل رہی تھیں کہ پارلیمنٹ کا ریکارڈ سپریم کورٹ کو نہیں دیا جائےگا جبکہ اٹارنی جنرل کہہ رہے کہ پارلیمان کی پروسیڈنگ کا ریکارڈ کل تک سپریم کورٹ کو فراہم کردیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار فواد چوہدری نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جن پارلیمنٹیرین نے آرٹیکل 68 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ججز کی توہین کی ہے ، انہیں نتائج کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ اب آپ ڈر کیوں رہے ہیں جب آپ نے بیان دیئے ہیں تو اب اس پر قائم رہیں۔ آپ سپریم کورٹ میں آکر بھیگی بلی بن جاتے ہیں ، پارلیمنٹ آپ کی پوزیشن کچھ  اور ہوتی ہے ، میڈیا پر آپ کی پوزیشن کچھ اور ہوتی ہے۔ آپ ایک پوزیشن لے لیں جو بھی آپ نے لینی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

جاوید لطیف کو آج بھی غیبی قوتوں کی حمایت عمران خان کے ساتھ دکھائی دینے لگی

عمران خان کا وعدہ ہے وزیراعلیٰ کا امیدوار میں یا مونس الہٰی ہونگے، پرویز الہٰی

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کو بند کرنے سے حکومت نہیں چل سکتی۔ سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کو گھر بھیجنے سے ملک نہیں چلاکرتے۔ یہ سارا نظام اس طرح سے نہیں چل سکتا۔ حکومت کی سپریم کورٹ کے خلاف محاذ آرائی پاکستان کے لیے خطرناک ہے۔ پاکستان کی معیشت تو پہلے ہی تباہ و برباد ہو گئی ہے۔

بلاول بھٹو کا ذکر کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ فارن پالیسی ہماری تباہ ہو کررہ گئی ہے ، بلاول بھٹو زرداری بغیر تیاری کے بھارت چلے گئے اور سارے پاکستان کی بیعزتی کرائی ۔ دوسری جانب سعودیہ میں انٹرنیشنل سیکورٹی ایڈوائزر کی کانفرنس ہورہی ہے ، جہاں پر انڈیا کے فارن منسٹر کو کال کیا گیا ہے مگر پاکستان کی نمائندگی نہیں ہے۔ ہمارے وزیراعظم صاحب برطانوی بادشاہ کی  تاج پوشی کے سلسلے میں لندن گئے ہوئے ہیں ، مقصد صرف یہ ہے کہ اپنے بھائی کے ساتھ وقت گزار سکیں۔ بھائی بھی وہ جو مفرور ہے اور پاکستان نہیں آسکتا۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہم فارن پالیسی بالکل ناکام ہوچکی ہے، ہم دنیا میں تنہا ہوکر رہ گئے ہیں۔ معیشت تباہ کردی ہے ، 20 ہزار سے ڈیڑھ لاکھ روپے تک کمانے والے افراد کی مہنگائی نے کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ چینی وزیر خارجہ نے بہت اہم پیغام دیا ہے۔ انہوں نے پاکستانیوں کو مضبوط ہونے کا پیغام دیا ہے اور  پاکستان میں استحکام صرف انتخابات کی صورت میں آسکتا ہے۔ یہ اسی صورت میں ممکن ہے کہ آپ پاکستان کے لوگوں کو موقع دیں کہ وہ اپنے لوگوں کو منتخب کرسکیں۔

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی درخواست دیں گے۔ ان کی کابینہ پر آرٹیکل 6 ٹرائی کریں گے، کیونکہ 90 روز کے بعد وہ جس طرح سے چیکس جاری کررہے ہیں وہ ان کے پرسنل اکاؤنٹس سے وصول کریں گے۔ پاکستان کے آئین کے مطابق انہیں حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ اگر ان میں غیرت ہوتی تو یہ  خود استعفے دے دیتے۔ لیکن یہاں تو وزارتیں ہی پیسے لے کر دی گئی ہیں ، کروڑوں روپے دے کر یہ لوگ وزیر بنے ہیں۔ جب عوام کی حکومت آئے گی تو انہیں عوام کو جواب دینا پڑے گا۔

متعلقہ تحاریر