مریم نواز نے چیف جسٹس کو اپنی ساس کی طرح پی ٹی آئی جوائن کرنے کا مشورہ دے دیا
مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر نے کہا ہے کہ چیف جسٹس نے عمران خان کو رہا کرکے جلتی پر تیل کا کام کیاہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے سپریم کورٹ کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری کو غیرقانونی قرار دینے کے فیصلے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج چیف جسٹس کو 60 ارب روپے ہڑپ کرنے والے مجرم کو رہا کر خوشی ہورہی ہوگی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور رہنما ن لیگ مریم نواز نے لکھا ہے کہ "چیف جسٹس صاحب کو آج قومی خزانے کے 60 ارب ہڑپ کرنے والے وارداتیے کو مل کر بہت خوشی ہوئی اور اس سے بھی زیادہ خوشی انھیں اس مجرم کو رہا کر کے ہوئی۔”
چیف جسٹس صاحب کو آج قومی خزانے کے 60 ارب ہڑپ کرنے والے وارداتیے کو مل کر بہت خوشی ہوئی اور اس سے بھی زیادہ خوشی انھیں اس مجرم کو رہا کر کے ہوئی۔ ملک کی اہم ترین اور حساس تنصیبات پر حملوں کے سب سے بڑے ذمہ دار چیف جسٹس ہیں جو ایک فتنہ کی ڈھال بنے ہوئے ہیں اور ملک میں لگی آگ پر تیل…
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) May 11, 2023
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے آگے بڑھتے ہوئے مزید لکھا ہے کہ "ملک کی اہم ترین اور حساس تنصیبات پر حملوں کے سب سے بڑے ذمہ دار چیف جسٹس ہیں جو ایک فتنہ کی ڈھال بنے ہوئے ہیں اور ملک میں لگی آگ پر تیل چھڑک رہے ہیں۔”
چیف جسٹس کو مشورہ دیتے ہوئے مریم نواز نے لکھا ہے کہ "آپ چیف جسٹس کا منصب چھوڑ دیں اور اپنی ساس کی طرح تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کریں۔”
یہ بھی پڑھیے
عمران خان پر قاتلانہ حملہ: معاملہ اب عدالت میں حل ہوتو بہتر ہے
وزیراعظم شہباز شریف کے ٹوئٹ کے جواب میں عمران خان نے متعدد سوالات اٹھا دیئے
واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے جمعرات کے روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتاری کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے دیتے ہوئے انہیں فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے اپنے فیصلے میں حکم دیا ہے کہ عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کو سب جیل قرار دینے کی استدعا کو مسترد کرتے ہوئے پولیس لائنز گیسٹ ہاؤس کو سب جیل قرار دیتے ہیں۔
چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ عمران خان کی سیکورٹی اور آئی جی اسلام آباد اور اٹارنی جنرل کی ذمہ داری ہے۔









