سپریم کورٹ مخالف مظاہرے: مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم کا اجلاس طلب کرلیا

مولانا فضل الرحمان نے عمران خان کیس سے متعلق سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک مجرم کی سہولت کاری ہے۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے صدر اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم کے سربراہوں کا اہم اجلاس اسلام آباد میں طلب کرلیا ہے۔

اجلاس کی صدارت مولانا فضل الرحمان کریں گے جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

قبل ازیں جمعرات کے روز وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

عمران خان کا وعدہ ہے وزیراعلیٰ کا امیدوار میں یا مونس الہٰی ہونگے، پرویز الہٰی

نوازشریف کا سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کی جانب سے ریاستی اداروں پر حالیہ حملوں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی شدید مذمت کی گئی۔

مولانا فضل الرحمان نے عمران خان کیس سے متعلق سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک مجرم کی سہولت کاری ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ عمران خان زیر حراست ہیں یا نہیں، انہوں نے کہا کہ اگر کوئی سہولت کاری ثابت ہوئی تو قوم ایسے فیصلوں کو قبول نہیں کرے گی۔

وزیر اعظم شہباز اور مولانا فضل الرحمان نے سپریم کورٹ کی جانب سے القادر ٹرسٹ کیس میں پی ٹی آئی سربراہ کو ریلیف دینے کے حالیہ فیصلے کے تناظر میں آئندہ کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اطلاعات ہیں کہ مولانا فضل الرحمان نے ڈرامائی انداز میں عمران خان کی سپریم کورٹ سے رہائی کے ’متنازعہ فیصلے‘ کے خلاف بھرپور ردعمل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

کچھ میڈیا رپورٹس بتاتی ہیں پی ڈی ایم سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہرے کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ یہ بھی رپورٹس آرہی ہیں کہ جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپنے کارکنان کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کردی ہے۔اطلاعات ہیں کہ جلسے مولانا فضل الرحمان خطاب بھی کریں گے۔

متعلقہ تحاریر