عدالتی فیصلوں کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستانی عدلیہ کا 140واں نمبر ہے، عابد شیر علی
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما کا کہنا ہے کہ میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ 190 ملین پاؤنڈ کی چوری کرنے عمران نیازی کو دیکھ کر چیف جسٹس کو کیوں خوشی ہورہی تھی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عمران نیازی نے اپنے ذاتی فائدے کے لیے بزنس ٹائیکون ملک ریاض کو 70 ارب روپے واپس کیے۔ یہ چوری اور ڈکیتی کا سب سے بڑا فراڈ ہے۔ عدلیہ سے پوچھتا ہوں کہ 190 ملین پاؤنڈ لوٹنے والے عمران نیازی کو کیسے ضمانت دے دی؟ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر اُس وقت کے خائن چیف جسٹس نے نااہل قرار دے دیا تھا۔
ان خیالات کا اظہار عابد شیر علی نے فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق بدکردار چیف جسٹس ثاقب ، جسٹس آصف سعید کھوسہ اور جسٹس عظمت سعید جیسے بدکردار ججوں نے بےگناہ نواز شریف کے خلاف فیصلہ دیا۔ پانامہ کا ہنگامہ شروع کرایا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
القادر ٹرسٹ کرپشن کیس: عمران خان کی دو ہفتوں کے لیے عبوری ضمانت منظور
عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ آج اسی آزاد عدلیہ کے سامنے عمران نیازی چور ڈاکو کا کیس تھا۔ اس کو کیسے آپ نے وی آئی پی پروٹوکول دے دیا۔ لاکھوں لوگ جو جیلوں میں بند ہیں ، جن کے فیصلے آپ کی عدالتوں سے ہوتے نہیں۔ ان کی نسلیں تباہ ہوگئی ہیں۔ کون سے سی ایسی قیامت تھی کہ عدالت نے عمران نیازی کو فون کی سہولت دی۔ نواز شریف کو تو کھانے پہنچانے کی اجازت نہیں تھی۔ چیف جسٹس کہتے ہیں مجھے عمران خان کی شکل دیکھ کر بڑی خوشی ہوئی ہے۔ اس ڈاکو کی شکل دیکھ کر خوشی ہوئی جو پاکستان کا 190 ملین پاؤنڈ کھا گیا۔ کاش آپ کو بےگناہ نواز شریف کو انصاف مہیا کرتے ہوئے خوشی ہوتی؟ اس چور کو مرسیڈیز گاڑی فراہم کی گئی۔
رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے پاکستان کا لوٹا ہوا 190 ملین پاؤنڈ پاکستان کو واپس کیا۔ یہ رقم پاکستانی روپے میں تقریباً 70 ارب روپے بنتی ہے۔ وہ رقم اُس کے وقت کے سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان کے دور میں واپس آئی۔ عمران نیازی نے اس رقم سے متعلق کابینہ سے منظوری لی ، انہوں نے کابینہ کے سامنے کہا کہ یہ ایک ملکی سالمیت کا مسئلہ ہے اس کو ہم منظرعام پر نہیں لاسکتے۔ کابینہ نے بغیر دیکھے اس کی منظوری دے دی۔ عمران نیازی نے وہ رقم جو پاکستانی عوام کی تھی ملک ریاض کو دے دی۔ اس رقم کے بدلے عمران نیازی نے القادر ٹرسٹ کی زمین اپنے اور اپنی اہلیہ کے نام کروائی۔ یہ ہے عمران نیازی کو فراڈ جو پکڑا گیا ہے۔
عابد شیر علی نے سوال اٹھایا کہ عمران نیازی نے کس کی اجازت سے وہ 190 ملین پاؤنڈ بزنس ٹائیکون ملک ریاض کو دیئے۔ آج عدلیہ نے ڈاکو کو لیگل قرار دے دیا ہے، جو بڑا ڈاکہ مارے گا اس کو مرسیڈیز دیں گے۔ جو ڈاکہ مارے اس کو ریسٹ ہاؤس دیں گے۔ جو پاکستان کا سب سے بڑا ڈاکہ مارے اس کو دس دس لوگوں سے ملنے کی اجازت بھی دیں گے۔ یہ کیسا انصاف ہے؟۔ اس انصاف کی بنیاد پر پاکستانی عدلیہ کا دنیا میں 140واں نمبر ہے۔









