چوہدری شجاعت حسین نے پی ٹی آئی پر پابندی کا مطالبہ کردیا
پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ کا کہنا ہے کہ انتخابات ہوں یا نہ ہوں پی ٹی آئی کو بہت جلد اپنے مستقبل کا پتا چل جائے گا۔
سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ عمران خان لیڈر بن کر لوگوں کو توڑ پھوڑ پر اکساتے ہیں، تحریک انصاف اور ان لوگوں پر پابندی لگنی چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ شجاعت حسین نے کہا ہے کہ جنرل عاصم منیر پاک فوج کے سپہ سالار ہیں، جو ان کے خلاف بولے گا وہ ملک کے خلاف ہی بولے گا۔
یہ بھی پڑھیے
جہانگیر ترین نے 9 مئی کو جناح ہاؤس میں توڑ پھوڑ کی ذمہ دار پی ٹی آئی پر ڈال دی
عوام قانون کی حکمرانی کے لیے جدوجہد جاری رکھیں اور خوفزدہ نہ ہوں، عمران خان
چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے آج فوج کے حق میں جو ریلی نکالی جائے گی وہ کوشش کریں گے کہ کسی ایک پارٹی کی ریلی نہ ہو۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ آج مسئلہ کسی سیاسی جماعت کا نہیں ملک کی بقا کا ہے، اس پر تمام جماعتوں کو متحد ہونا چاہیے، یہ لوگ اپنی سیاست چمکانے کے لیے جلسے کررہے ہیں لیکن کامیاب نہیں ہوں گے۔
مسلم لیگ (ق) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کے ملوث پی ٹی آئی کے کارکنان اور رہنماؤں کے خلاف آفیشل سیکریٹ ایکٹ اور ملٹری ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے جائیں اور ملوث ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔
چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا ہے کہ جو بھی پاکستان کے خلاف بات کرے گا اسے سزا ملے گی۔ پہلے دن سے ہمارا موقف یہ ہے کہ پاکستان میں ہر جگہ ایک ہی وقت میں انتخابات ہونے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات ہوں یا نہ ہوں ، پی ٹی آئی کو بہت جلد اپنے مستقبل کا پتہ چل جائے گا۔