اہلیہ عمر سرفراز چیمہ اور پی ٹی آئی چکوال کے ضلعی صدر کے صاحبزادے گرفتار

دونوں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا ہے کہ خواتین اور بچوں کیخلاف اس نوعیت کا جبر اور اس سطح کی فسطائیت ملکی تاریخ میں آج سے پہلے کبھی دکھائی نہیں دی۔

پولیس نے جمعرات کے روز سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی اہلیہ کو گرفتار کر لیا ، جبکہ دوسری چکوال پولیس نے پی ٹی آئی کے ضلع صدر کے اسکول گوئنگ بیٹے کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے دونوں گرفتاریوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی آج انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) میں پیشی تھی ، اس موقع پر ان کی اہلیہ ان سے ملاقات کے لیے آئیں تھیں۔

عدالت نے تفتیشی افسر کو چیمہ کے خلاف چالان پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔

گزشتہ ماہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے توڑ پھوڑ کیس میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما چیمہ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج ابھر گل نے کیس کی سماعت کی جبکہ پولیس نے عمر سرفراز چیمہ اور دیگر 12 افراد کو عدالت میں پیش کیا۔

سماعت کے بعد عمر سرفراز چیمہ سے ان کی اہلیہ نے ملاقات کی۔ تاہم ملاقات کے بعد واپس روانہ ہوتے ہوئے پولیس حکام نے لیڈیز پولیس کی موجودگی میں انکو حراست میں لے لیا اور روانہ ہو گئی۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف چکوال کے صدر علی ناصر بھٹی کے صاحبزادے کو 9 مئی کے واقعات کے تناظر میں گرفتار کرلیا ہے۔

عمران خان کی مذمت

عمر سرفراز چیمہ کی اہلیہ اور چکوال میں پی ٹی آئی کے ضلعی صدر علی ناصر بھٹی کے بیٹے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا ہے کہ ” عمر چیمہ کی اہلیہ، جو ایک ماہ سے زائد عرصے سے جیل میں قید اپنے خاوند کی پیشی کیلئے انسدادِ دہشتگردی عدالت آئیں، کو جس انداز میں عدالت کے باہر سے غیرقانونی طور پر گرفتار کیا گیا ہے وہ نہایت شرمناک ہے۔”

چیئرمین تحریک انصاف نے لکھا ہے کہ "اسی طرح تحریک انصاف چکوال کے صدر علی ناصر بھٹی کے کم سِن (اسکول جانے والے) بیٹے کو بھی اٹھا لیا گیا ہے۔”

پی ٹی آئی کے سربراہ نے لکھا ہے کہ "خواتین اور بچوں کیخلاف اس نوعیت کا جبر اور اس سطح کی فسطائیت ملکی تاریخ میں آج سے پہلے کبھی دکھائی نہیں دی۔ حتّٰی کہ بدترین مارشل لاء ادوار بھی ایسی وحشت و بربریت سے خالی ہیں۔”

سابق وزیراعظم عمران خان نے مزید لکھا ہے کہ "محض مجھے تنہا کرنے کی خواہش میں یہ سرکار ( یہ بندوبست) کس حد تک گِرچکا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ (اس جبر و فسطائیت کے نتائج انکی توقعات کے) بالکل برعکس وارد ہورہے ہیں۔ عوام برسرِاقتدار گروہ سے مکمل نفرت و لاتعلقی کا اظہار کررہے ہیں جبکہ زیادہ سے زیادہ لوگ تحریک انصاف کے قافلے کا حصہ بن رہے ہیں۔”

اے ٹی سی کے بدھ کے روز کے فیصلے

یاد رہے کہ اے ٹی سی نے بدھ کے روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں حماد اظہر، میاں اسلم اقبال اور دیگر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، جن کے خلاف 9 مئی کو توڑ پھوڑ کے سلسلے میں مقدمات درج ہیں۔

عدالت نے کینال روڈ پر پولیس کی گاڑیوں کو نقصان پہنچانے کے الزام میں ریس کورس پولیس کی جانب سے درج مقدمے میں حماد اظہر، حسن نیازی، زبیر نیازی اور خالد گجر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

متعلقہ تحاریر