9 مئی کے واقعات میں عمران خان کا ہاتھ نہیں، اسد قیصر نے پرویز خٹک کے دعوے کو مسترد کردیا

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے سابق صوبائی صدر نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات کا ماسٹر مائنڈ عمران خان کو ٹھہرایا تھا۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کھل کر عمران خان کی حمایت میں سامنے آ گئے ہیں ، انہوں نے پرویز خٹک کے ان دعوؤں کو یکسر مسترد کر دیا ہے کہ 9 مئی کے پرتشدد مظاہروں کے پیچھے عمران خان کا ہاتھ تھا۔

پشاور ہائی کورٹ کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پرویز خٹک کی جانب سے عمران خان کو فسادات کا ماسٹر مائنڈ قرار دینے کے دعوے میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان اندھیرے کے آخری کنارے پر کھڑا ہے، عمران خان

پرویز خٹک کے عمران خان پر الزامات کی بوچھار، ترجمان پی ٹی آئی نے الزامات کو بےبنیاد اور جھوٹ قرار دے دیا

سابق اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ میری خیبرپختونخوا کے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ڈٹے رہیں کیونکہ پارٹی ابھی مشکل وقت سے گزری رہی ہے۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ انتخابات میں تمام جماعتوں کو یکساں مواقع میسر ہونے چاہئیں ، تحریک انصاف تمام جماعتوں کا تنہا مقابلہ کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات آئینی ضرورت ہیں اور پی ٹی آئی کے بغیر کوئی بھی الیکشن درست نہیں ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب قانون اور عدالتی فیصلوں کا احترام نہیں کیا جاتا تو ملک نہیں چلتے۔

نواز شریف کا نام لیے بغیر ان کا کہنا تھا کہ بعض سیاسی عناصر بیرون ملک میں بیٹھ کر ملک کے بارے میں فیصلے کر رہے ہیں، جو کسی بھی صورت درست نہیں ہے۔

متعلقہ تحاریر