تحریک انصاف نے گرفتاری سے قبل عمران خان کا ریکارڈ شدہ بیان جاری کردیا

عمران خان کا کہنا ہے کہ آپ نے پرامن احتجاج جاری رکھنا ہے جب تک کہ آپ کو آپ کا حق نہیں ملتا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی چیئرمین عمران خان کا گرفتاری سے قبل ریکارڈ کرایا گیا پیغام جاری کردیا۔

عمران خان کا پیغام چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری کیا گیا ہے، جس میں سابق وزیراعظم نے قوم سے پرامن احتجاج کی اپیل کی ہے۔

قوم کے نام پیغام میں عمران خان نے کہا ہے کہ "میرے پاکستانیوں جب تک یہ پیغام آپ تک پہنچے گا ، مجھے یہ گرفتار کرچکے ہوں اور میں جیل میں ہوں گا۔ میری آپ سے صرف ایک ہی درخواست ہے کہ آپ نے گھروں میں چپ کرکے نہیں بیٹھنا ، میں یہ جو جدوجہد کررہا ہوں اپنی ذات کے لیے نہیں کررہا ، یہ اپنی قوم کے لیے کررہا ہوں۔

پی ٹی آئی سربراہ نے کہا ہے کہ میں یہ جدوجہد آپ کے بچوں کے مستقبل کے لیے کررہا ہوں ، اگر آپ اپنے حقوق کے لیے نہیں کھڑے ہوں گے ، آپ غلاموں کی زندگی گزاریں گے ، اور یاد رکھیں غلاموں کی کوئی زندگی نہیں ہوتی ، غلاموں کی مثال چونٹیوں کی طرح ہے جو زمین پر چلتی ہیں اور اڑ نہیں سکتیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک خواب کا نام تھا۔ نعرہ تھا پاکستان کا مطلب کیا لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ۔ مطلب یہ کہ ہم کسی انسان کے سامنے نہیں جھکتے۔ لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ ہم کو انسانوں کی غلامی سے آزادی دلاتا ہے۔

نبی کریمﷺ کی مثال دیتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہم نبیﷺ نے سب سے پہلے مدینہ کی ریاست میں انصاف قائم کرکے لوگوں کو آزاد کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ انصاف کی جنگ ہے ، آپ کے حقوق کی ، آپ کی آزادی کی ، یاد رکھیں کبھی کوئی آزادی پلیٹ میں رکھ کر نہیں دیتا ، جس طرح میں کہتا ہوں زنجیریں گرتی نہیں ہیں توڑنی پڑتی ہیں۔

اپنے ابتدائی بیان کو دہراتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ آپ نے پرامن احتجاج جاری رکھنا ہے جب تک کہ آپ کو آپ کا حق نہیں ملتا۔ آپ کا سب سے بڑا بنیادی حق ہے ووٹ کے ذریعہ اپنی حکومت منتخب کرنا۔

متعلقہ تحاریر