اسٹیبلشمنٹ اب بند گلی میں جاچکی ہے، فضل الرحمٰن
جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ملک کا نظام اس وقت خراب ہے، آئین موجود ہے، عملدرآمد نہیں ہے۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ الیکشن کمیشن تو ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھا دیکھتا رہتا ہے، جب آئین پر عمل ہی نہیں ہوگا تو پھر آئین کیوں بنایا۔
مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ہمارے اداروں کو اپنے دائرہ کار کے اندر جانا ہوگا، اسٹیبلشمنٹ اب بند گلی میں جاچکی ہے، سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھنا ہوگا ان کا راستہ روکنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے سیز فائر ہے جو خوش آئند ہے، 9 مئی کے حوالے سے الیکشن سے پہلے یا بعد کی صورتحال کا جائزہ لینا ہے۔
سربراہ جے یو آئی ف کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی تو آئینی عہدے لے رہی ہے اور کہتی ہے ہم حکومت میں نہیں ہیں۔