اسلام آباد؛ پی ٹی آئی کو روات جی ٹی روڈ پر جلسے کی اجازت مل گئی

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف کو روات جی ٹی روڈ پر جلسے کی اجازت دے دی۔

پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت نہ دینے سے متعلق توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔ ضلعی انتظامیہ کے نمائندے نے پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلہ کرکے ہائیکورٹ کو آگاہ کر دیا۔

پی ٹی آئی وکیل شعیب شاہین نے موقف اپنایا کہ ہم تو چاہتے ہیں ایف نائن پارک میں جلسے کی اجازت دی جائے، جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ چاہیں تو فریش پٹیشن دائر کر کے انتظامیہ کا حکم چیلنج کر سکتے ہیں۔

عدالت نے پی ٹی آئی کی جلسے کی اجازت سے متعلق درخواست نمٹا دی۔

عدالت کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ ہم ڈی سی کے روات میں جلسے کی اجازت کے حکم کو چیلنج کریں گے۔ ہم ایف نائین پارک میں جلسہ کرنا چاہتے ہیں لیکن بے ایمانی اور بددیانتی سے ڈی سی آفس نے آج یہ لیٹر پیش کر دیا۔

وکیل شعیب شاہین نے بتایا کہ انہوں نے کہا ہے کہ ہم جلسے کی اجازت ان کو روات جی ٹی روڈ کے مقام پر دیتے ہیں۔ اسلام اباد میں جلسہ ہمیشہ تین جگہوں پر ہوا ہے جس میں ایف نائن پارک، پریڈ گراؤنڈ یا پشاور موڑ شامل ہے، جب سے اسلام اباد بنا ہے روات میں کبھی کوئی جلسہ نہیں ہوا۔

پی ٹی آئی وکیل کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی بے ایمانی، بدمعاشی جو ہے وہ سب کے سامنے ہے اور کس کے کہنے پر ہے وہ سب کو پتہ ہے، توہین عدالت کی درخواست پر نیا آرڈر پاس ہوگیا ہے تو لہٰذا ہمیں عدالت نے اجازت دی کہ آپ اس کو نئی درخواست کے ذریعے چیلنج کر سکتے ہیں۔

متعلقہ تحاریر