عشرت العباد کی صدر آئی پی پی محمود مولوی سے دبئی میں ملاقات، مل کر چلنے پر اتفاق
سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کی سیاسی سرگرمیاں جاری ہیں۔
ڈاکٹر عشرت العباد نے استحکام پاکستان پارٹی سندھ کے صدر محمود مولوی سے دبئی میں ملاقات کی۔
ملاقات میں ملکی، سیاسی و معاشی صورت حال اور کراچی میں امن و امان سمیت باہمی دلچسپی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے کراچی میں بڑھتی ڈکیتی وارداتوں اور نوجوانوں کے قتل عام پر تشویش کا اظہار اور ملک کو مشکلات سے نکالنے کے لیے مل کر چلنے اور مستقبل میں رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عشرت العباد نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو ملک کی خاطر ایک پیج پر آکر کام کرنا ہو گا۔
محمود مولوی کا کہنا ہے کہ ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالنے اور سیاسی و معاشی استحکام کے لیے سنجیدہ اور معتبر شخصیات کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عشرت العباد کا ملکی عملی سیاست میں کردار ادا کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہوں۔