نواز شریف صاحب غلط بیان دینا بند کردیں، یاسمین راشد
تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ نواز شریف صاحب غلط بیان دینا بند کردیں، ایک طرف وہ سیاسی انتقام پر یقین نہ رکھنے کی باتیں کرتے ہیں تو دوسری طرف ان کی بیٹی نے پنجاب میں بدترین مثال قائم کر رکھی ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے جیل سے ایک اور خط لکھ دیا جس میں انہوں نے نواز شریف اور مریم نواز پر شدید تنقید کی ہے۔
اُنہوں نے اپنے خط میں لکھا کہ خواتین صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کو دس دس بار گرفتار کیا گیا اور اُنہیں پنجاب کی جیلیں گھمائی جا رہی ہیں، یہ سیاسی انتقام نہیں ہے تو اور کیا ہے، امجد نیازی کو رہائی کے بعد گرفتار کرنا بھی سیاسی انتقام ہے۔
اُنہوں نے خط میں مزید لکھا کہ ساہیوال کے سینکٹروں کارکنوں پر ایف آئی آر درج کرنا انتقام ہے، پنجاب پولیس آئی جی کے زیر سایہ شریفوں کے گھر کی باندی بن گئی ہے، 6 بار وزیر رہنے والے میاں محمود الرشید کو اسپتال سے بغیر علاج واپس جیل بھیج دیا۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے یہ بھی لکھا کہ آپ وہ وقت کیوں بھول گئے جب میں آپ کے پاس اسپتال میں بانیٔ پی ٹی آئی کا پیغام لائی، ہم نے آپ کو باہر سے ڈاکٹر منگوانے کی بھی سہولت فراہم کی۔
اُنہوں نے بجٹ پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ بجٹ سے عوام کی کمر ٹوٹ گئی یہ عوام سے سیاسی انتقام لیا گیا ہے۔
تحریک انصاف کی رہنما نے مزید لکھا کہ چیف جسٹس پاکستان سے التجا ہے کہ اے ٹی سی کے حالات پر نوٹس لیں۔