وزراء اسمبلی نہیں آتے ، گھر جائیں اور الیکشن کروائیں، خورشید شاہ

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل کا کہنا ہے ہم نے پارلیمنٹ کو مذاق بنایا ہوا ہے، بہتر ہے کہ جب  گنتی پوری ہو تب ہاؤس چلائیں یا گھر جائیں۔

وفاقی وزیر خورشید شاہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزراء اور ارکان کی عدم موجودگی پر برہم ہوگئے۔ بولے ہم نے پارلیمنٹ کو مذاق بنا دیا ہے، ایسا ہی ہے تو انتخابات کرادیں۔ وزیراعظم سمیت وزرا کو پابند کیا جائے کہ وہ ایوان میں موجودگی یقینی بنائیں۔ خورشید شاہ کی تجویز پر ایوان کی کارروائی آدھ گھنٹے کے لئے معطل کردی گئی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی صدارت میں شروع ہوا تو وزراء ایوان میں موجود نہیں تھے جس پر پیپلز پارٹی کے رہنما اور وفاقی وزیر سید خورشید شاہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں وفاقی وزیر ہوں مگر پہلے رکن پارلیمنٹ بھی ہوں اور یہ کہنے پر مجبورہو گیا ہوں کہ ہم نے پارلیمنٹ کو مذاق بنایا ہوا ہے، بہتر ہے کہ جب  گنتی پوری ہو تب ہاؤس چلائیں یا گھر جائیں۔ الیکشن لڑیں اور لوگوں کے سامنے ہاتھ پاؤں باندھیں۔

یہ بھی پڑھیے

مسلسل بحرانوں کی وجہ سے طاقتور حلقے پریشان ہیں، عمران خان

دہائیوں کے بعد گجرات کے چوہدری برادران سیاسی بنیادوں پر بَٹ گئے

انہوں نے کہاکہ وزیر کہتے ہیں انہیں بہت کام ہے، کوئی کام نہیں ہے انہیں۔ خورشید شاہ نے استفسار کیا کہ کہاں ہے وزیر خزانہ ؟۔ میں نے وزیراعظم کو بھی کہا ہے کہ ارکان کو ایوان میں بٹھائیں۔

سید خورشید شاہ کا کہنا تھا ایوان میں ارکان کیوں نہیں آتے، جو آرہے ہیں ان کا کیا قصور؟۔ جو ارکان آتے ہیں دو گھنٹے بیٹھے ہیں اور اپنی بے عزتی کرا کے چلے جاتے ہیں ، بجٹ پر کوئی بولنے والا نہیں ہے۔

سید خورشید شاہ کا کہنا تھاکہ اچھا بجٹ ہونے کے باوجود ارکان کیوں تقاریر نہیں کر رہے؟۔ یہ طریقہ رہا تو ایوان میں ہم بھی نہیں آئیں گے۔

ان کا اسپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھاکہ جب تک ارکان نہ آئیں اور کورم پورا ہونے تک کارروائی معطل کردی جائے۔ خالی ایوان میں تقاریر کیوں ہوں۔

خورشید شاہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر اگر کارروائی معطل نہیں کریں گے تو وہ کورم کی نشاندھی کردیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ جو ارکان نہیں آتے وہ انتخابات میں لوگوں کے سامنے ہاتھ جوڑنے میں خوش ہیں۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا اسپیکر ، وزیراعظم کو بھی ایوان میں بٹھائیں۔

اسپیکر راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھاکہ خورشید شاہ نے جو نکات اٹھائے ہیں وہ درست ہیں۔ خورشید شاہ خود بھی وزیر ہیں اور وہ ایوان میں آتے ہیں ، ارکان کو اس ایوان کو وقت دینا چاہیے۔

متعلقہ تحاریر