24ارب کی کرپشن کرنے والے ہم پر مسلط کردیے گئے، عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے حکمرانوں نے نیب قانون میں ترامیم کرکے اپنے 1100 ارب روپے کے مقدمات ختم کرائے ہیں۔

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 2 جولائی کو پی ٹی آئی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تاریخ کا سب سے بڑا عوامی اجتماع کرنے جارہی ہے، 24 ارب کی کرپشن کرنے والوں کو ہمارے سروں پر مسلط کردیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے ایک مرتبہ پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ ان کی حکومت کو ’’غیر ملکی سازش‘‘ کے نتیجے میں ہٹایا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

شریف اور زرداری اپنی آدھی دولت ملک میں لے آئیں بحران ختم ہو جائےگا، عمران خان

چیئرمین پی ٹی آئی کا مہنگائی اور نیب قانون کے خلاف 2 جولائی کو جلسے کا اعلان

سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا ہم پر کرپٹ لوگوں کو مسلط کر دیا گیا ہے۔ مسلط کردہ حکومت پچھلے 30 سالوں سے عوام سے چوری کر رہی ہے۔

مسلم لیگ ن کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے وزیراعلیٰ حمزہ شہباز 24 ارب روپے کے کرپشن کیسز میں ملوث ہیں۔

پی ٹی آئی کے سربراہ نے آسمان چھوتی مہنگائی پر حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف اپنے مقدمات ختم کرانے کے لیے اقتدار میں آئی ہیں۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ نیب قوانین میں ترامیم کرکے حکمرانوں نے 1100 ارب روپے کے کرپشن کیسز کو ختم کر دیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ان کی حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی سخت شرائط اور کمزور معیشت کے باوجود کبھی بھی عالمی مہنگائی کا بوجھ عوام پر نہیں ڈالا تھا۔ مگر اس وقت مہنگائی اپنے عروج پر ہے ، ٹیکسز نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے خلاف مہنگائی مارچ کرنے والوں نے اقتدار میں آتے ہی تاریخی مہنگائی کردی ہے۔

اس سے قبل ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت پی ٹی آئی کو 2 جولائی کو اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت دینے سے گریزاں ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ ’امپورٹڈ‘ اور مخلوط حکومت سابق وزیراعظم عمران خان کی پاکستانی عوام میں مقبولیت سے خوفزدہ ہے۔

متعلقہ تحاریر