مجھ پر زیادہ دباؤ ڈالا گیا تو ساری حقیقت عوام کے سامنے لے آؤں گا، عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے میں ایک ویڈیو اور ایک تحریر بناکر خفیہ مقام پر رکھ دی ہے اگر مجھے کچھ ہوا تو سب کچھ سامنے آجائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر دبنگ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کو نقصان نہ ہو اس لیے چپ ہوں ، اگر مجھے پھر بھی مجبور کیا گیا تو چپ نہیں رہوں گا ، دیوار سے لگانے کی کوشش کی گئی تو میں بتاؤں گا کس کس نے کیا کیا کھیل کھیلا ، خوف کے بت کے سامنے جھک گئے تو یہ ملک کے لیے بہت برا ہوگا۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا مجھے سب پتا ہے میری حکومت کو ختم کرنے کی سازش میں کون کون ملوث ہے ، سازش کی تفصیل لکھ کر محفوظ کرلی ہے، مجھے پتا ہے ساری سازش کیسے تیار ہوئی ؟ میں نے ایک ویڈیو بنا کر محفوظ مقام پر رکھی ہے،  مجھے کچھ ہوا تو وہ ویڈیو سامنے آئیں گی ، ویڈیو میں میں نے بتایا ہے کہ کون سے بندے نے کون سا کردار ادا کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ن لیگ کی رہنما مریم نواز انتخابی مہم کے دوران پنجاب کارڈ کھیلنے لگیں

عمران خان کا کہنا تھا مجھ سمیت ساری پی ٹی آئی کی قیادت پر دہشتگردی کی دفعات کےتحت مقدمات درج ہیں ، مقدمات اس لیے قائم کیے جارہے ہیں کہ ہم چپ رہیں ، مجھ پر 15 ایف آئی آر کاٹ دی ہیں ، ساری قوم کو بتانا چاہتا ہوں ہر دور میں یزید آتے ہیں ، کوفہ کے لوگوں نے یزید کے ڈر سے امام حسین کا ساتھ نہیں دیا ، یہ ڈرانے دھمکانے کا سارا فاشسٹ طریقہ چوروں کو مسلط کرنے کے لیے ہے۔

عدلیہ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا ہمارے دور حکومت میں رات کو عدالتیں کھول کر دو فیصلے دے دیئے گئے ، چینلز کو پیسے دے کر ڈرا دھمکا کر لوگوں کو کنٹرول نہیں کرسکتے ، ایاز امیر کے ساتھ جو کچھ کیا گیا وہ ساری قوم کے لیے شرم کی بات ہے ، ایاز امیر کے ساتھ جو کچھ کیا گیا اس میں باقی صحافتی برادری کے لیے پیغام ہے ، یہ بتائیں سوشل میڈیا کو منہ کیسے بند کریں گے ، سارے ملک میں ہمارا میڈیا سے بلیک آؤٹ کیا جارہا ہے ، سمیع ابراہیم ، معید پیرزادہ اور صابر شاکر کو ہراساں کیا جارہا ہے ، صابر شاکر ملک چھوڑ کر چلا گیا وہ 30 سال سے یہ لوگ جمیل فاروقی اور عدنان عادل کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں ،

سربراہ تحریک انصاف کا کہنا تھا نواز شریف چوڑا ہورہا ہے ملک میں واپسی کے لیے تیاری کررہا ہے ، 30 سال سے ملک کو لوٹنے والے دندناتے پھر رہے ہیں ، تمام اداروں کو کہتا ہوں یہ ایک فیصلہ کن وقت ہے، دو ماہ تک فیصلہ نہیں ہوسکا کہ حمزہ شہباز وزیراعلیٰ ہو سکتا ہے یا نہیں ۔ لندن کے سب سے مہنگے علاقے میں ان کے چار اپارٹمنٹ تھے۔

ضمنی انتخابات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا مریم نواز پنجاب میں مہم چلارہی ہیں ، ہم نے ان کو دھاندلی کے باوجود ہرایا تھا ، ہر جگہ سے آواز آرہی ہے کہ کہ انتظامیہ مسلم لیگ ن کو انتخابات جتوانے کے لیے لگی ہوئی ہے ، 2014 میں مریم نواز نے کہا لندن کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا اندرون سندھ میں جاکر معلوم کریں کس طرح سے پولیس استعمال کی جاتی ہے ،  25مئی کو لوگوں پر ظلم کیا گیا ، 25 مئی کا احتجاج کی کال دی تو پولیس لوگوں کے گھروں میں گھس گئی ، پاکستانیوں پر آنسو گیس اور ربڑ کی گولیاں چلائی گئیں ، جہاں لوگ جمع ہوئے انہوں نے پر آنسو گیس کی شیلنگ کی ، کون سی دنیا میں حکومت اپنے لوگوں کے ساتھ ایسا کرتی ہے ، کیا یہ فلسطین ہے جہاں عورتوں اور بچوں کو ڈرایا جاتا ہے ، میں پوچھنا چاہتا ہوں کیا یہ مقبوضہ کشمیر یا مقبوضہ فلسطین ہے؟ گیارہ سال کے بچے کو پولیس پکڑ کر لے گئی کیونکہ اس کا باپ گھر پر نہیں تھا۔

متعلقہ تحاریر