لیہ اور بھکر میں تحریک انصاف کے انتخابی جلسے، عوامی سیلاب امڈ آیا

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے اوپر والوں نے امریکا کے ساتھ ملکر ہماری حکومت کو اس وقت گرایا جب ملکی معیشت اوپر جارہی تھی۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جن کے پاس طاقت ہے ان کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ صاف و شفاف الیکشن نہ ہونے دیئے گئے تو کوئی شک نہیں ملک سری لنکن بن جائے گا ،

لیہ اور بھکر میں پی ٹی آئی کے ایک بڑے انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا ہے کہ اگر کسی کو ملک کی فکر ہے تو شفاف الیکشن کرائے ، آپ کا پہلا ٹیسٹ 17 جولائی کو ہے ، 17 جولائی کو پتا چل جائے گا پاکستانی عوام کہاں کھڑی ہے۔ سابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ چور ایک طرف ہیں اور تھوڑے ہیں ، جبکہ ساری قوم ایک طرف ہے۔

یہ بھی پڑھیے 

پنجاب کے ضمنی انتخابات: عمران خان اور مریم نواز کی عید کے دنوں میں انتخابی مہم جاری

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا ہم ڈھائی سال سے آئی ایم ایف کے پروگرام میں تھے ہم نے تو قیمتیں نہیں بڑھائی ، دنیا میں تیل کی قیمتیں اوپر جارہی تھیں ہم نے لوگوں کو مہنگائی سے بچایا ، ہم نے لوگوں کو سستے قرضے فراہم کیے ، ہم نے سستے گھروں کی اسکیم شروع کی ۔ ہم نے ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے کی ہیلتھ انشورنس دی۔

عمران خان کا کہنا تھا جب ملکی معیشت اوپر جارہی تھی تو سازش کرکے ہماری حکومت کو گرا دیا گیا ، میں روس کا دورہ کیا ، ہم نے روس سے تیل ، گیس اور سستے داموں اجناس خریدنے کی بات شروع کی۔ مگر یہ بات امریکا کو پسند نہیں تھی ، اسی وقت سازش کرکے ہماری حکومت کو گرا دیا گیا۔ انہوں نے ہماری اوپر جاتی معیشت کے وہ کیا جو دشمن بھی نہ کرے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا ان دونوں خاندانوں کے افراد کو کھانسی بھی ہو جاتی ہے تو علاج کے لیے ملک سے باہر چلے جاتے ہیں، کبھی ان لوگوں نے سوچا ہے کہ سفید پوش آدمی کیسے علاج کراتا ہے ، ہم نے اشیاء کی قیمتیں نیچے رکھیں بلکہ ہیلتھ کارڈز بھی جاری کیے ، ہم نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے اور بجلی کی قیمت میں 5 روپے کمی کی ، ہم نے مہنگائی کو روک رکھا تھا ہمارے دور میں پاکستان سب سے سستا ملک تھا ،

پی ٹی آئی کے چیئرمین کا کہنا تھا زرداری اور نواز شریف نے 32 سال تک اس ملک پر حکومت کی ، مگر ملک کو کچھ نہیں دیا سوائے کرپشن کے۔

انہوں نے شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ واقعی خادم اعلیٰ ہیں تو پیٹرول کی قیمت واپس 150 روپے فی لیٹر پر واپس لے کر آئیں ، آج عالمی منڈی میں ہمارے دور سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہو گئی ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ صحافی عمران ریاض کو جیل میں ڈالا گیا اور ذہنی تشدد کیا گیا ، ارشد شریف ، سمیع ابراہیم ، ایاز امیر اور صابر شاکر حق کے ساتھ کھڑے ہیں۔ صحافیوں کو خوف میں مبتلا کیا جارہا ہے، ایف آئی آر کاٹی جارہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا سری لنکن عوام نے صدارتی محل پر حملہ کردیا ، سری لنکن صدر نے ملک سے فرار ہونے کی کوشش کی تو انہیں ایئرپورٹ پر روک لیا گیا ، یہ لوگ ملک کو سری لنکن کی جانب لے کر جارہے ہیں ، ملک سری لنکن کی ڈگر پر چلا گیا تو گیم سب کے ہاتھ سے نکل جائے گی۔

بھکر میں جم غفیر سے خطاب کرتےہوئے تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا ساری چور دھاندلی کے لیے اترے ہوئے ہیں ، الیکشن کمیشن کو ساتھ ملایا ہوا ہے ، اور مسٹر ایکس کو حکم ملا ہوا ہے کہ تم نے کسی بھی صورت میں ان چوروں کو جتوانا ہے ، ہمیں خبر ہے کہ مسٹر ایکس نے مسٹر وائی کو دھاندلی کے لیے ملتان بھیج دیا ہے ، میں مسٹر ایکس اور مسٹر وائی کو ساری قوم کے سامنے چیلنج کررہا ہوں کہ میری قوم آپ کی دھاندلی کے باوجود آپ کو ہرائے گی۔

مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا جو ان چوروں کی کمپین کررہی ہے وہ جھوٹوں کی شہزادی ہے۔ انہوں نے کہا میری جان بھی چلی جائے چوروں کو تسلیم نہیں کروں گا ۔ ان کا جہاد امریکی سازش کے ذریعے مسلط کیے گئے چوروں کے خلاف ہے۔

متعلقہ تحاریر