نواز شریف کا خوف ہے جو انہیں واپس نہیں آنے دیا جارہا، مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا چشتیاں میں پی ایم ایل این کے جلسے سے خطاب۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نہ میں کسی کو غدار کہتی ہوں نہ کسی کو سازشی کہتی ہوں ، مگر میں یہ ضرور کہتی ہوں کہ نہ تو عمران خان سیاست دان ہے اور نہ ہی اس کی پارٹی کوئی سیاسی پارٹی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف وہ آگ بجھانے کی کوشش کررہے ہیں جو عمران خان نے لگائی تھی۔

چشتیاں میں پاکستان مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف کا کہنا تھا نواز شریف کا خوف ہے جو انہیں واپس نہیں آنے دیا جارہا۔

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے مسلم لیگ کی لیڈر کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے عمران خان نے توڑے اور قیمت پوری قوم کو ادا کرنا پڑرہی ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف وہ آگ بجھانے کے لیے دن رات محنت کررہے ہیں جو چیئرمین پی ٹی آئی نے لگائی ہے۔

پی ٹی آئی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا نہ تو عمران خان کوئی سیاستدان ہے نہ اس کی جماعت کوئی سیاسی پارٹی ہے، پاکستان تحریک انصاف بدمعاشوں اور اوباشوں کا ٹولا ہے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا میں نہ کسی کو غدار کہتی ہوں نہ کسی کو سازشی قرار دیتی ہوں مگر میں کہنے پر مجبور ہوں کہ عمران خان نے کروڑوں روپے ملک دشمنوں سے لیے۔

مریم نواز کا کہنا تھا عمران خان کہتا ہے کہ آرمی چیف کی تقرری میرٹ پر ہونی چاہیے ، مجھے بتاؤ کیا تمہاری تقرری میرٹ پر ہوئی تھی ۔ پاکستان مسلم لیگ ن ملک کو بنانے اور سنوارنے والی جماعت ہے ۔

مریم نواز نے کہا کہ میں تم پر ذاتی حملے نہیں کروں گی سیاسی میدان میں گھر تک چھوڑ کر آوں گی، سیاسی میدان میں مریم تمہیں نہیں بخشے گی، عمران خان فتنہ بھی نہیں، انتشار بھی نہیں پاکستان کی سب سے بڑی تباہی ہے، یہ بازاری لوگوں کی طرح جملے کستا ہےشرم نہیں آتی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے چشتیاں میں 4 سال کسی منصوبے کی اینٹ تک نہیں لگائی تو کیا بناتا، آج کل فلمیں دکھا کر ہلکان ہوتا رہتا ہے، پرانی ویڈیو چلاتا رہتا ہے۔

مریم نواز نے کہا میری تربیت ایسی نہیں ہوئی کہ میں کسی کی غیراخلاقی ویڈیو چلا کر اسے بدنام کروں ، اگر تمہاری ویڈیو چلادی گئیں تو تم پاکستان کیا پوری دنیا میں منہ دکھانے کے قابل نہیں رہو گے۔

نائب صدر ن لیگ کا کہنا تھا کل اس نے بہت گندی بات کی کہ ن لیگ کو ووٹ دینا گناہ ہے ۔ یہ سازش کا مہرہ ہے تو کیا اس کو ووٹ دینا ثواب کا کام ہے؟کیا تمہارا تقرر میرٹ پر ہوا تھا ، تمہیں جتوانے کے لیے آر ٹی ایس بند کروانا پڑا تھا۔

نائب صدر مسلم لیگ (ن) کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا ، یہ لوگ ان شہدا کے لیے بد دعائیں کر رہے تھے، فلمیں دکھانی ہیں تو وہ دکھاؤ جس میں تمہاری بیوی کہہ رہی ہے ہیرے دو فائل پر دستخط کراؤ۔

متعلقہ تحاریر