ہمارے ہاتھ بندھے ہیں، ن لیگ کو زبردستی حکومت دی گئی، جاوید لطیف کا دعویٰ

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما کا کہنا ہے کہ ان کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں اور ان کی سیاسی جماعت کو اقتدار میں آنے پر مجبور کیا گیا۔

پانچ ماہ کے دوران اتحادی حکومت کی خراب ترین کارکردگی پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور ایم این اے میاں جاوید لطیف نے آپے سے باہر ہوتے ہوئے سچ بولنا شروع کردیا ہے، کہتے ہیں ہمیں زبردستی حکومت میں بٹھایا ہوا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل ن) کے سینئر رہنما جاوید لطیف نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں اور ان کی سیاسی جماعت کو زبردستی اقتدار میں آنے پر مجبور کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

حکمرانوں کا شکریہ جنہوں نے سائفر کو دوبارہ زندہ کردیا، عمران خان

نواز شریف سزا دلانےمیں ملوث کرداروں کے احتساب کاسوال گول کرگئے

سینئر صحافی جاوید چوہدری کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے میاں جاوید لطیف نے دعویٰ کیا کہ مخلوط حکومت آزادانہ فیصلے کرنے میں بظاہر بے اختیار ہے۔

ایک سوال کے جواب میں رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ "ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں، ہم ملک پر حکومت کرنے پر مجبور ہیں۔”

جب ان سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف کارروائی کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ "میرے جیسا ایک عام آدمی یہ سمجھ سکتا ہے کہ وہ ابھی بھی کچھ نہ کچھ لوگوں کے لیے لڑ رہے ہیں ، ان کے اب بھی کچھ تعلق واسطے ہیں ، عمران خان اب بھی کچھ حلقوں کے لیے لاڈلے ہیں۔

اس پر میزبان نے میاں جاوید لطیف سے سوال کیا کہ کیا وہ کسی مخصوص ادارے کی بات کر رہے ہیں جو عمران خان کی پشت پناہی کر رہا ہے۔

لطیف نے فوراً ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ "وہ کمزور آدمی ہیں اور ایسے بیان نہیں دے سکتے۔”

کل تک کے میزبان جاوید چوہدری نے جاوید لطیف سے سوال کیا کہ مسلم لیگ ن کس وجہ سے ابھی تک حکومت میں ہے؟ اس پر لطیف نے جواب دیا، ’’ہم کمزور ہیں اس لیے حکومت میں ہیں۔ میزبان نے سوال کیا کہ کیا انہیں اقتدار میں آنے پر مجبور کیا گیا؟ مسلم لیگ ن کے رہنما نے اعتراف کیا کہ انہیں ملک پر حکومت کرنے پر مجبور کیا گیا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ جاوید لطیف کو اپنی پوزیشن مزید واضح کرنی چاہیے کہ وہ حکومت کو قبول کرنے پر کیسے مجبور ہوئے اور کس نے انہیں اقتدار میں آنے پر مجبور کیا ہے۔

تجزیہ کاروں کا مزید کہنا ہے کہ میاں جاوید لطیف کے دعوے بھی بے بنیاد ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر مسلم لیگ ن ملک میں سیاسی اور معاشی صورتحال کو بہتر کرنے کے لیے اقتدار میں آئی ہے تو پھر پی ٹی آئی کی حکومت کے خاتمے کے بعد ہنگامہ آرائی اور مہنگائی کیوں بڑھ گئی ہے۔

متعلقہ تحاریر