الطاف حسین کی بائیکاٹ کی اپیل پر کراچی والوں نے ایم کیوایم کو مسترد کردیا

ایم کیوایم پاکستان کو اپنے گڑھ کورنگی اور شاہ فیصل کالونی پر مشتمل این اے 239 میں 31ہزار 898ووٹوں کے بھاری فرق سے بدترین شکست کاسامنا کرنا پڑا

ایم کیو ایم  کے بانی قائد الطاف حسین کی بائیکاٹ کی اپیل پر کراچی والوں نے ضمنی الیکشن میں ووٹ نہ ڈال کر ایک مرتبہ پھر ایم کیوایم پاکستان کو مسترد کردیا۔

بانی ایم کیوایم نے گزشتہ روز ایک وڈیو میں بیان میں این اے 237 اور 239  کے عوام کو  ایک پپی اِدھر ایک پپی اُدھردیتے ہوئے نہ صرف ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ کی اپیل کی تھی بلکہ کامیاب بائیکاٹ کرنے پر پیشگی مبارکباد بھی دی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

ضمنی انتخابات میں عمران خان کی تاریخی فتح: پی ڈی ایم اپنے ہی جال میں پھنس گئی

رہنما پی ٹی آئی بلال غفار پر حملہ ، زخمی حالت میں اسپتال میں داخل

کراچی میں گزشتہ روز قومی اسمبلی کی دو نشستوں این اے 237 اور این اے 239 پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں ایم کیوایم پاکستان نے صرف ایک نشست پر انتخابات میں حصہ لیا تھا۔

کراچی کے علاقے کورنگی اور شاہ فیصل کالونی پر مشتمل حلقہ این اے 239  جوکبھی ایم کیوایم کاگڑھ ہوا کرتا تھا وہاں کے عوام نے الطاف حسین کی کال پر ضمنی  الیکشن کا بھرپور بائیکاٹ کیا  جس کے نتیجے میں ایم کیوایم پاکستان کے امیدوار کو 31ہزار 898ووٹوں کے بھاری فرق سے بدترین شکست کاسامنا کرنا پڑا۔

این اے 239 کراچی کورنگی 1 کے تمام 330  پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے عمران خان 50014 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے۔متحدہ قومی موومنٹ کے سید نیئر رضا صرف18116 ووٹ حاصل کرسکے۔

@altafhussain_90 People of Karachi should boycott the bye-elections of NA-237 and NA-239 on 16 October 2022 like in past. Mr. Altaf Hussain 11-10-2022#MQM #ALTAFHUSSAIN #Karachi #Pakistan #DualStandardOfJustice #DualStandardOfJustice #AltafNeedsJustice #foryourpage #Punjab #Sindh ♬ original sound – Altaf Hussain Official

الطاف حسین نے گزشتہ روز جاری کردہ وڈیو میں این اے 237اور این اے239 کے عوام سے ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ کی اپیل کرتے ہوئے  اپنے روایتی انداز میں  انہیں ایک پپی اِدھر اور ایک پپی اُدھر بھی دی تھی۔الطاف حسین نے کراچی کے عوام کو ضمنی الیکشن کے مکمل بائیکاٹ پر پیشگی مبارکباد بھی دی تھی۔

متعلقہ تحاریر