ضمنی الیکشن میں عبرتناک شکست کے بعد نواز شریف کی واپسی موخر
وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ برطانیہ کے دوران شریف برادران کے درمیان طے پایا تھا کہ قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کے 11 حلقوں میں 16اکتوبر کو ہونے والے ضمنی الیکشن کے نتائج کی روشنی میں نواز شریف کی وطن واپسی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ذرائع
قومی اسمبلی کے 8 اورپنجاب اسمبلی کی 3 نشستوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں عبرت ناک شکست نے مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کو اپنی وطن واپسی موخر کرنے پر مجبور کردیا۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی جلد وطن واپسی کے امکانات بھی معدو م ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیے
ضمنی انتخابات میں عمران خان کی تاریخی فتح: پی ڈی ایم اپنے ہی جال میں پھنس گئی
الطاف حسین کی بائیکاٹ کی اپیل پر کراچی والوں نے ایم کیوایم کو مسترد کردیا
نیوز 360 کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ برطانیہ کے دوران شریف برادران کے درمیان طے پایا تھا کہ قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کے 11 حلقوں میں 16اکتوبر کو ہونے والے ضمنی الیکشن کے نتائج کی روشنی میں نواز شریف کی وطن واپسی کا فیصلہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے ضمنی الیکشن کے نتائج مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف کے انتہائی مایوس کن ہیں۔ ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف کو ضمنی الیکشن کے ممکنہ نتائج کا اندازہ تھا تاہم شہباز شریف ضمنی الیکشن کے حوالے سے خوش فہمی میں مبتلا تھے۔
ذرائع کے مطابق ضمنی الیکشن کے مایوس کن نتائج کے بعد میاں نوازشریف نے اپنی فوری وطن واپسی کا فیصلہ ملتوی کردیا ہے اور مستقل قریب میں نوازشریف کی وطن واپسی کا کوئی امکان نہیں ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم جماعتوں کی عوام میں گرتی ہوئی مقبولیت اور عمران خان کی ایک کے بعدایک کامیابی کے باعث نوازشریف تو درکنار مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی وطن واپسی بھی کھٹائی میں پڑتی نظر آرہی ہے اور مستقل قریب میں انکی وطن واپسی کا بھی کوئی امکان نہیں ہے۔