ملک اس وقت فیصلہ کن موڑ سے گزر رہا ہے، عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے یونیورسٹیز فیوچر لیڈرز کی نرسریاں ہوتی ہیں۔ اگر لیڈرز یونیورسٹیز میں نہیں آئیں تو طلباء کی سیاسی تربیت کیسے ہوگی ۔

سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ کچھ سیاستدان عوام کا نام لے کر اقتدار میں آتے ہیں اور پھر عوام کو لوٹنا شروع کردیتے ہیں ، سنگاپور میں ایک ایماندار لیڈر آیا جس نے ملک کے اندر قانون کی حکمرانی قائم کی اور کرپشن ختم ہو گئی۔

ان خیالات کا اظہار عمران خان نے سرگودھا یونیورسٹی میں طالب علموں سے خطاب کے دوران کیا۔ چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا گورنر پنجاب کو کس نے حکم دیا ہے کہ وہ کسی سیاسی لیڈر کو یونیورسٹی میں تقریر کرنے سے روکے۔ گورنر پنجاب سے میری درخواست ہے ان چوروں کی نہ مانیں جو آپ کے اوپر بیٹھے ہیں۔ یونیورسٹیز فیوچر لیڈرز کی نرسریاں ہوتی ہیں۔ اگر لیڈرز یونیورسٹیز میں نہیں آئیں تو طلباء کی سیاسی تربیت کیسے ہوگی ۔ برطانیہ کی یونیورسٹیز میں دنیا کے بڑے بڑے لیڈرز آتے ہیں اور طلبہ کےسامنے اپنا موقف بیان کرتے ہیں۔ سب کو موقع ملنا چاہیے کہ وہ طلباء کے سامنے اپنا بیانیہ رکھیں.

یہ بھی پڑھیے

ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے ساتھ معاہدہ کرکے پچھتا رہے ہیں، وسیم اختر

پی ٹی آئی کے ووٹوں کا تناسب37 سے بڑھ کر 49فیصد ہوگیا،احمد بلال محبوب

عمران خان کا کہنا تھا کہ قانون کی بالادستی قائم کرنے سے کرپشن ہو جاتی ہے ، جہاں طاقتور این آر او لے لیں اور غریب جیلوں میں جائے تو ملک تباہ ہو جاتے ہیں ، جب میں اسمبلی میں گیا تو ملک کےبڑے بڑے ڈاکو بیٹھے تھے۔ حضرت علی کا قول ہے کفر کا نظام چل سکتا ہے ظلم اور ناانصافی کا نہیں۔ بڑے بڑے ڈاکو اربوں روپے لوٹ کر پرائم منسٹر بن گئے ہیں۔ معاشرے میں ناانصافی ہو تو شہریوں کو کھڑا ہونا پڑتا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ معاشی تباہی پہلے نہیں آتی ، پہلے اخلاقی تباہی آتی ہے ، پھر قومیں مر جاتی ہیں ، ہمارا وزیراعظم جب پیسے مانگتا ہے تو ملک کی عزت ختم ہو جاتی ہے ، جب ہم سبز پاسپورٹ لے کر باہر جاتے ہیں تو ہمیں سائیڈ پر کھڑا کردیا جاتا ہے ، ملک میں بڑے بڑے ڈاکو دندناتے پھر رہے ہیں ۔ شہباز شریف اور اس کے بیٹوں کو 16 ارب روپے کی کرپشن پر سزا ہونا تھی ، مگر وہ آزاد گھوم رہے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا میری بات کو آج آرام سے سن لیں پھر پتا نہیں کب موقع ملے گا۔ سن لیں ملک اس وقت فیصلہ کن موڑ سے گزر رہا ہے۔

متعلقہ تحاریر