امریکی سازش سے ہماری حکومت کو گراکر چوروں کو ہم پر مسلط کیا گیا، عمران خان
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے پاکستان کے نوجوانوں کا مستقبل ان چوروں کی وجہ سے خطرے میں ہے۔ ہم نے ان کے خلاف جہاد کرنا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی، سابق وزیراعظم عمران خان کا سیالکوٹ میں مصروف دن، طلباء کنونشن ، وکلاء اور ورکرز کنونشن سے خطاب کیا اور حلف بھی لیا عمران خان نے کہا کہ یہ جہاد ہے اور آپ سب اس جہاد میں میرا ساتھ دے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان آج سیالکوٹ کا مصروف دورہ کیا، دورے کے دوران عمران خان نے مرے کالج سیالکوٹ میں منعقدہ طلبا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے سامنے اس ملک کا مستقبل دیکھ رہا ہوں، پاکستان کے نوجوانوں کا مستقبل ان چوروں کی وجہ سے خطرے میں ہے۔
یہ بھی پڑھیے
بلاول بھٹو کے بعد جاوید لطیف کا حکومت کے بے اختیار ہونے کا اعتراف
ہمارا لانگ مارچ پرامن ہوگا 25مئی کی تاریخ دہرانے کی کوشش نہ کی جائے، عمران خان
مرے کالج سیالکوٹ میں خطاب
عمران خان کا کہنا تھا کہ لیڈر وہ بنتا ہے جو انصاف کیلئے کھڑا ہوتا ہے، آپ نے ناانصافی اور جرائم پیشہ لوگوں کے سامنے آواز بلند کرنی ہے۔ یہ جو چور ہم پر مسلط کیے ہیں جب تک زندہ ہوں ان کا مقابلہ کروں گا، ہم ان چوروں کا مقابلہ کرکے انہیں شکست دینگے۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو قائداعظم کا پاکستان بنا کر علامہ اقبال کے خواب کو پورا کریں گے، جو ظلم کے آگے سر جھکاتے ہیں ان میں اور جانور میں کوئی فرق نہیں ہوتا، امریکا میں سول رائٹس موومنٹ شروع ہوئی، افریقی امریکیوں پر ظلم کرتے تھے انکے سامنے طالبعلم ہی کھڑے ہوئے تھے، عراقی جنگ میں شرکت پر برطانیہ کیخلاف 20 لاکھ برطانوی شہری ہی ناانصافی کیخلاف نکلے تھے۔
چیئرمین تحریک انصاف کا وکلاء کنونشن سے خطاب
انوار کلب میں وکلاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ "ارشد شریف میرے نزدیک پاکستان کا نمبر ون تحقیقاتی صحافی تھا، وہ آدمی صرف اور صرف پاکستان کیلئے کھڑا تھا ، راہ حق پر کھڑا تھا ، جو ملک کیلئے بہتر ہوتا ارشد شریف اس طرف کھڑا تھا، اس کا کوئی دشمن بھی نہیں کہہ سکتا کہ ارشد شریف اپنے ضمیر کا سودا کیا ہو، باضمیر آدمی تھا، میں نے پاکستان میں کسی صحافی کے قتل پر ایسا رنج اور غصہ نہیں دیکھا جو ارشد شریف کے قتل پر دیکھا ہے، کیونکہ سارا پاکستان جانتا تھا اس کے مخالفین بھی جانتے تھے کہ وہ ایک دلیر اور نڈر ایک سچا اور محب وطن پاکستانی تھا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ میں نے اسے 2 بار کہا کہ ملک سے باہر چلے جاؤ ! کیونکہ مجھے خبر تھی کہ اسے مارنے لگے ہیں، اسے دھمکیاں مل رہی تھیں ، صرف اس لیے کہ وہ رجیم چینج کے خلاف کھڑا تھا، سازش کو وہ بار بار بے نقاب کر رہا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ جس ملک میں رول آف لا نہیں ہے وہ ملک کبھی ترقی نہیں کر سکتا، رول آف لا کا مطلب ہے کوئی قانون سے اوپر نہیں ہے، پاکستان میں جس طرح رول آف لاء کی جس بے شرمی سے دھجیاں اڑائی گئیں اس کی مثال نہیں ملتی ، چوروں کو ہم پر مسلط کیا گیا، بیرونی سازش جس میں امریکا ملوث تھا، اور یہاں کے لوگ سہولت کار تھے، جنہوں نے ان چوروں کو ہم پر بٹھایا ، اس کے بعد اگر قوم اس ناانصافی کے سامنے سر جھکا دیتی ہے تو اس کے آگے موت ہے اور کچھ نہیں۔
عمران خان کا ورکرز کنونشن سے خطاب
سابق وزیراعظم عمران خان وی آئی پی فیکٹری گراؤنڈ میں تنظیمی عہدیداران سے حلف لیا، عمران خان نے ورکرز کنونشن سے خطاب میں کہا کہ انصاف انسانی معاشرے میں ہوتا ہے، طاقتور کا قانون صرف جانوروں کے معاشرے میں چلتا ہے، انسانی معاشرے میں قانون طاقتور اور کمزور کو ایک نظر سے دیکھتا ہے لیکن کیا وجہ ہے کہ ہمارا ملک پیچھے اور دنیا آگے نکل گئی، اس کی وجہ صرف یہ ہے کہ یہاں انصاف نہیں ہے۔ یہاں طاقتور خود کو قانون سے بالاتر سمجھتا ہے وہ ڈاکے بھی مارتا ہے تو این آر او مل جاتا ہے جب کہ چھوٹے چور جیلوں میں جاتے ہیں۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز عمران خان نے نیوز کانفرنس میں جمعہ سے لانگ مارچ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ لانگ مارچ کا آغاز لبرٹی چوک لاہور سے ہوگا، صبح 11 بجے ہم جمع ہوں گے اور لانگ مارچ کی قیادت میں خود کروں گا۔