عمران خان، نواز شریف کو واپسی کا راستہ دینے کیلیے تیار، فوری الیکشن مانگ لیے
پس پردہ بات چیت کے نتیجے میں عمران خان نے لانگ مارچ 2 ہفتے کیلیے موخر کیا ہے اور بال نواز شریف کے کورٹ میں پھینک دی ہے، ذرائع نیوز 360
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کو واپسی کا راستہ اور لیول پلیئنگ فیلڈ دینے پر آمادگی ظاہر کردی تاہم بدلے میں فوری الیکشن کی تاریخ مانگ لی۔
نیوز 360 کے ذرائع کے مطابق پس پردہ بات چیت کے نتیجے میں عمران خان نے لانگ مارچ 2 ہفتے کیلیے موخر کیا ہے اور بال نواز شریف کے کورٹ میں پھینک دی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
پرویز الٰہی فوجی افسر کی نامزدگی سے انکاری، عمران خان پر حملے کا مقدمہ درج نہ ہوسکا
فوج کا حکومت سے عمران خان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
نیوز 360 کے ذرائع کے مطابق موجودہ سیاسی بحران کے خاتمے کا انحصار مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کے فیصلے پر ہے۔نوازشریف فوری الیکشن کی تاریخ دینے پر تیار ہوجاتے ہیں تو عمران خان کو ان کی وطن واپسی اور برابری کی بنیاد پر الیکشن میں حصہ لینے پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
تاہم حکومت کی جانب سے فوری الیکشن کی تاریخ نہ دینے پر عمران خان 2 ہفتے بعد دوبارہ سڑکوں پر آجائیں گے اور الیکشن کی تاریخ لینے تک واپس نہیں جائیں گے۔ اس صورت میں ملک میں انتشار کی ذمے داری موجودہ حکومت اور نوازشریف پرعائد ہوگی۔
گزشتہ روز اپنے خطاب میں عمران خان نے لانگ مارچ ملتوی کرنے کا اشارہ دیا تاہم انہوں نے اپنے اگلے لانگ مارچ کا شیڈول ظاہر نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ صحت یاب ہو کر ایک بار پھر سڑکوں پر نکلیں گے اور اسلام آباد مارچ کی کال دیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف نے ان سے لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطالبہ کیا تھا،انہوں نے قائد ن لیگ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ نوازشریف الیکشن کیلیے یکساں میدان کا مطالبہ کررہے ہیں لیکن ان کی حکومت الیکشن کمیشن کے ذریعے انہیں مختلف مقدمات میں نااہل قرار دینے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ عدالتیں ای سی پی کے توشہ خانہ کے فیصلے کو بھی اسی طرح کالعدم کر دیں گی جس طرح دیگر جھوٹے مقدمات کے فیصلوں کو کالعدم قرار دیا گیا تھا۔
عمران خان نے مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف کو چیلنج دیا کہ وہ وطن واپس آکر پنجاب کے کسی بھی حلقے میں ان سے مقابلہ وہ انہیں شکست دیکر دکھائیں گے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ گیند اب نواز شریف کے کورٹ میں ہے لیکن انہوں نے ابھی تک پاکستان واپسی کی واضح تاریخ نہیں بتائی۔