پنجاب اسمبلی کو بچانے کےلیے ہر حربہ استعمال کریں گے، عطاء اللہ تارڑ

رہنما پیپلز پارٹی حسن مرتضیٰ کا کہنا ہے آج اپوزیشں کہہ رہی ہے کہ آپ حکومت کریں اور حکومت کہہ رہی ہے کہ ہم اسمبلیاں چھوڑ رہے ہیں، جو چور دروازے سے آتے ہیں وہ ہمیشہ اسی راستے کو اختیار کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ہم ہر حربہ استعمال کریں گے اور پنجاب اسمبلی کو تحلیل نہیں ہونے دیں گے۔ حکومت میں بیٹھے لوگوں کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں۔

اسمبلیاں تحلیل ہونے کے معاملہ پر پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان مشاورت اجلاس ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہوا۔ مشاورتی اجلاس کی صدارت حمزہ شہباز نے کی۔

یہ بھی پڑ ھیے

پی ڈی ایم کا نیا درد سر: پنجاب اور کے پی اسمبلیوں کو پی ٹی آئی سے کیسے بچائیں

پرویز الہیٰ پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کو تیار ، وفاقی حکومت کیا سوچ رہی ہے؟

اجلاس میں پیپلز پارٹی کے حسن مرتضی اور شازیہ عابد جبکہ ن لیگ کے عطاء اللہ تارڑ اور ذیشان رفیق سمیت دیگر نے شرکت کی۔ مشاورتی اجلاس میں تحریک عدم اعتماد کس دن جمع کروانے کے متعلق مشاورت کی گی۔

مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی وزیراعظم عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا ہم نے مشاورت کے سلسلے کو آگے بڑھایا ہے۔ آج ہونے والی ملاقات میں آصف زرداری کے سیاسی کردار کو سراہا گیا، مشاورتی سلسلے میں تمام آپشنز زیر غور آئے، عدم اعتماد اور اعتماد کے ووٹ سمیت دیگر آپشنز زیر غور آئے، پنجاب اسمبلی کے اراکین میں اضطراب پایا جاتا ہے اور اسمبلی کی تحلیل کے حق میں نہیں۔

عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی مختلف گروپوں ہی شکل اختیار کر چکی ہے، سب کا مؤقف ہے کہ اسمبلیوں کو آئینی مدت پوری کرنی چاہیے ، ہم بھی چاہتے ہیں کہ عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ نہ ڈالا جائے اور اسکا احترام ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ بہت جلد اپنے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، سپریم کورٹ میں نظر ثانی اپیل کا معاملہ بھی موجود ہے، ہمارے کیس کو وقت پر نہیں سنا جاتا، لاہور ہائیکورٹ میں اسپیکر والا کیس پچھلے کئی ماہ سے تاخیر کا شکار ہے۔ گورنمنٹ کے بینچز  میں بیٹھے اراکین سے روابط تیز کرنے کا فیصلہ ہوا ہے، چند روز میں اعلان کریں گے۔

پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ نے کہا کہ آج ایسے وقت سے گزر رہے ہیں کہ اپوزیشں کہہ رہی ہے کہ حکومت حکومت کرے اور حکومت کہہ رہی ہے کہ ہم اسمبلیاں چھوڑ رہے ہیں، جو چور دروازے سے آتے ہیں وہ ہمیشہ اسی راستے کو اختیار کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

رہنما پی پی حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا جمہوری جدوجہد میں پیپلز پارٹی اپنے اتحادیوں کے شانہ بشانہ ہے، آج ہمارے سر پر جو کچھ ہے وہ پچھلی حکومت کا کیا دھرا ہے۔ جس پر آج وہ بات نہیں کرتے ، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن ذمہ داری کے ساتھ کام کر رہی ہے، جمہوریت کے لئے ہم نے بہت قربانیاں دیں ہیں، مختلف نظریات ہونے کے باوجود ہم نے جمہوریت کے لیے کردار ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پھر تجدید عہد کرتے ہیں کہ جمہوریت، اداروں کی مضبوطی کے لئے اتحاد جاری رہے ہے، چند دنوں میں لائحہ عمل کا بتائیں گے۔

یاد رہے کہ عمران خان کے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے اعلان پر گزشتہ روز (ن) لیگ کا ہنگامی اجلاس ہوا تھا جس میں اسمبلیوں کو تحلیل ہونے سے روکنے کیلئے گورنر راج لگانے ، وزیر اعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے اور یا پھر تحریک عدم اعتماد لانے پر غور کیا گیا تھا۔

متعلقہ تحاریر